معاشرے میں خوف وہراس پھیلانے کی اجازت نہیں دینگے ، صوبائی وزراء

  • November 25, 2018, 11:58 pm
  • National News
  • 85 Views

کوئٹہ(اے این این) صوبائی وزیر خزانہ میر محمد عارف محمد حسنی نے دیگر صوبائی وزرا سردار عبدالرحمن کھیتران، میر نصیب اللہ مری، ظہور احمد بلیدی ، میر محمد خان لہڑی اور قبائلی و سیاسی رہنماء میر قادر جان محمد حسنی کے ہمراہ دہشت گردی کے واقعہ میں شہید ریٹائرڈ پولیس آفیسر نعیم خان کاکڑ کے گھر جاکر ان کی ایصالء ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتے ہو ئے دہشت گردی کے اس درد ناک واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی. انہوں نے کہا ہے کہ دہشت گردی اپنی تمام شکلوں میں قابل مذمت ہے اور کسی کو معاشرے میں خوف و ہراس پھیلانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی لہذا اس حوالے سے پورے ملک کے عوام اور خصوصاً قانون نافذ کرنے والے ادارے ان سماج دشمن عناصر کے خلاف بر سر پیکار ہیں انہوں نے اس حوالے سے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم باہمی تعاون اور اتفاق سے دہشت گردی کے اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ صوبائی وزرانے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔