ترقیاتی عمل ایک مشکل، پیچیدہ اور صبر آزما پریکٹس ہے ،امان اللہ یاسین زئی

  • November 27, 2018, 11:53 pm
  • National News
  • 44 Views

کوئٹہ (اے پی پی) گورنر بلوچستان امان خان یاسین زئی نے کہاہے کہ ترقیاتی عمل ایک مشکل، پیچیدہ اور صبر آزما پریکٹس ہے جس کی بدولت عوام کو درپیش مشکلات کی نشاندہی کی جاتی ہے ، محدود وسائل میں رہتے ہوئے ترجیحات کا تعین کرنا اشد ضروری ہے، پالیسیوں کی تشکیل میں کمیونٹی کی مشاورت اور شمولیت کو یقینی بنایاجائے تاکہ حکومت اور غیر سرکاری اداروں کے فنڈز کا صحیح استعمال ہو اور ترقیاتی منصوبے وقت مقررہ مکمل ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام سے متعلق بریفنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گورنر بلوچستان امان اللہ خان یٰسین زئی نے کہا کہ صوبے بھر باالخصوص دورافتادہ اضلاع کے عوام سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے اس ترقی یافتہ دور میں جدید یت کے ثمرات سے محروم دیکھ کر دلی دکھ پہنچتاہے ، انہوں نے کہا کہ خلق خدا کو آرام پہنچانا اور ان کے حقیقی مسائل و مصائب کا پائیدار حل ڈھونڈنا واقعی ایک عبادت ہے ، ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے اور عوامی مسائل کی سائنسی طریقے سے نشاندہی کرنے کے حوالے سے گورنر بلوچستان نے ہر ممکن تعاون جاری و ساری رکھنے کی یقین دہانی کرائی تاکہ لوگوں کا معیار زندگی بلند کرنے کے کاوشیں کو پذیرائی حاصل ہو، قبل ازیں گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی کو بی آر ایس پی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نادر گل بڑیچ نے این آر ایس پی اور بی آر ایس پی کے نمائندوں کی موجودگی میں تفصیلی بریفنگ دی جس پر گورنر بلوچستان نے ان کی پوری ٹیم اور ان کی کارکردگی کو سرا ہا۔