نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم میں کوئٹہ سے 36ہزار درخواستیں جمع

  • November 27, 2018, 11:55 pm
  • National News
  • 255 Views

کوئٹہ(این این آئی)کوئٹہ میں نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کیلئے 36 ہزار سے زائد افراد نے درخواستیں جمع کرادی گئی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے اعلان کردہ'' نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام ''منصوبہ کے تحت پہلے مرحلے میں کوئٹہ سمیت ملک کے سات شہروں میں رجسٹریشن کا عمل بائیس اکتوبر کو شروع کیا گیا تھا جو اکیس دسمبر تک جاری رہے گا۔ کوئٹہ میں تین مختلف مقامات پر اس منصوبے کیلئے رجسٹریشن کرائی جارہی ہے۔ رجسٹریشن کا عمل شروع ہوتے ہی تینوں مراکز پر لوگوں کی لمبی قطاریں لگ گئی تھیں۔ کوئٹہ میں صرف پہلے ہفتے میں 8738 افراد نے رجسٹریشن کرائی۔نادرا حکام کے مطابق بائیس اکتوبر سے پچیس نومبر تک مجموعی طور پر کوئٹہ میں 36 ہزار 837 افراد نے درخواستیں جمع کرائیں۔سب سے زیادہ 20ہزار 280 درخواستیں نادرا کے سریاب روڈ پر واقع دفتر میں جمع کرائی گئیں۔اس کے بعد 12 ہزار 886 درخواستیں ڈپٹی کمشنر آفس میں قائم مرکز اور 3671 درخواستیں ڈسٹرکٹ کونسل سیٹلائٹ ٹاؤن میں واقع مرکز میں جمع کرائی گئیں۔ سرکاری حکام کے مطابق رجسٹریشن سے درخواست گزار کی مرضی کی جگہ کا تعین کیا جائے گا۔ رجسٹریشن کے ذریعے ماہانہ آمدنی، گھر کے افراد کی تفصیلات بھی حاصل کی جائیں گی۔ رجسٹریشن کے نتیجے میں حاصل ہونیوالی تفصیلات کے بعد پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی فیصلہ کرے گی۔ہر گھرانہ سے صرف ایک فرد رجسٹریشن کراسکتا ہے۔بائیس لاکھ نفوس پر مشتمل بلوچستان کے سب سے بڑے شہر کوئٹہ میں گھروں کی قلت کا مسئلہ کتنا سنگین ہے اس کا اندازہ بڑی تعداد میں لوگوں کی جانب سے اس ہاؤسنگ منصوبے کیلئے درخواستیں جمع کرانے سے لگایا جاسکتا ہے۔