خالی اسامیوں پر خالصتاً میرٹ پر بھرتیاں کی جائینگی ، طارق مگسی

  • November 29, 2018, 12:27 am
  • National News
  • 78 Views

کوئٹہ(خ ن )صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات نوابزادہ طارق مگسی نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار کی بہتری ، وسائل کے درست استعمال اور ترقیاتی منصوبوں کو مرتب کرنے کے حوالے سے جامع پالیسی اور حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ عوام کو فوری ریلیف مل سکے ۔ ان خیالات کا اظہا رانہوں نے گزشتہ روز سابق صوبائی وزراء ڈاکٹر حامد خان اچکزئی ، آغا عمر بنگلزئی اور دیگرو فود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے یہاں ان کے دفتر میں ملاقات کی ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں خالی آسامیوں پر نئی بھرتیوں کی منظوری دے دی گئی ہے اور کابینہ نے تمام محکموں کو بھرتی کے عمل کا آغاز کرنے کا کہا ہے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ترقیاتی اور بھرتیوں کے عمل میں میرٹ اور شفافیت کو برقرار رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں ۔ خالی اسامیوں پر بھرتیاں خالصتاً میرٹ پر کی جائیں گی اور صوبہ کے قابل اور ذہین پڑھے لکھے نوجوانوں کو روزگار کے بھر پور مواقع فراہم کئے جائیں گے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے وژن کے عین مطابق صوبے میں اقتصادی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے منصوبوں کو اولین ترجیحات میں شامل کر رکھا ہے ۔ جامع پالیسی کے تحت بنیادی ڈھانچے کی فراہمی کو یقینی بنا کر صوبہ بھر میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جائے گا ۔ دریں اثناء صوبائی وزیر نوابزادہ طارق مگسی کو صوبائی سیکریٹری علی اکبر بلوچ نے محکمانہ امور سے متعلق بریفنگ دی جس پر صوبائی وزیر نے اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے ہدایت کی کہ سرکاری کاموں کی انجام دہی میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے ثمرات نچلی سطح تک فوری طور پر پہنچ سکیں۔