عوام باران رحمت کیلئے دعائیں کریں ، نورمحمد دمڑ

  • November 29, 2018, 12:27 am
  • National News
  • 73 Views

کوئٹہ(خ ن )صوبائی وزیر پی ایچ ای /واسا حاجی نور محمد دمڑ نے کہا ہے کہ بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے پانی کی قلت میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے جس کی وجہ سے زیر زمین پانی کی سطح بھی تیزی سے نیچے گرتی جارہی ہے دستیاب وسائل کو بروئے کار لاکر محکمہ کے توسط سے عوام کا یہ بنیادی نوعیت کا مسئلہ حل کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمیں دعا کرنی چاہیئے کہ اللہ تعالیٰ باران رحمت برسائے گزشتہ کئی سالوں سے بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے صوبے کے اکثر اضلاع خشک سالی کی لپیٹ میں ہیں جس سے زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبے بری طرح متاثر ہورہے ہیں اور ان شعبوں سے وابستہ افراد بھاری نقصان اٹھا چکے ہیں صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام نے ہمیں اپنے مسائل کے حل اور صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے منتخب کیا ہے جس کیلئے ہم اپنی جانب سے بھر پور کوششیں کررہے ہیں کیونکہ عوام کی خدمت ہی ہمارا شعار ہے انہوں نے کہا کہ واسا میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کرنا چاہتے ہیں اس سلسلے میں اعلیٰ حکام سے جلد ملاقات کی جائے گی اور ماہرین سے تجاویز لیکر اصلاحات لائی جائیں گی تاکہ لوگوں کے پانی کا دیرینہ مسئلہ حل ہوسکے اس موقع پر صوبائی وزیر نے سائلین کی درخواستوں پر عملدرآمد کے احکامات جاری کئے اور مسائل کے حل کیلئے متعلقہ افسران کو ہدایات بھی جاری کیں۔