تربت ، گیس سلنڈر پھٹنے سے ایک شخص جاں بحق سکول کے طلبہ سمیت 21افراد جھلس کر زخمی

  • November 29, 2018, 12:28 am
  • National News
  • 92 Views

کوئٹہ(ویب ڈیسک )کمشنر مکران ڈویژن سیدال خان لونی نے کہا ہے کہ تربت شہر میں گیس سلنڈر پھٹنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ اسکول کے بچوں سمیت 21افراد جھلس جانے سے زخمی ہوگئے دھماکے کے فوری بعد انتظامیہ نے امدادی سرگرمیوں کا آغاز کیا اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کرکے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی وزیر اعلیٰ کی ہدایت کے مطابق 5زخمیوں کو پی آئی اے اور 12زخمیوں کو خصوصی پرواز کے زریعہ کراطی منتقل کیا گیا جہاں پہلے ہی سے اسپتالوں میں زخمیوں کے علاج ومعالجہ کے انتظامات مکمل کرلئے گئے کمشنر مکران نے اپنی رپورٹ میں آگاہ کیا ہے کہ ایک زخمی بچہ کراچی میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا ۔جبکہ 4معمولی زخمیوں کو مقامی اسپتال میں طبی امداد فراہم کرکے گھر بھجوا دیا گیا ہے ۔انتظامیہ کی بروقت امدادی کاروائیوں سے زخمیوں کو کراچی بھجوانا ممکن ہوسکا۔کمشنر مکران سیدال لونی نے بتایا کہ بدھ کو تربت شہر میں دکان میں گیس سلنڈر پھٹنے سے اسکول کے بچوں سمیت 21افراد زخمی ہوگئے جن میں سے شدید 5زخمی بچوں کو پی آئی اے کے ذریعے فوری طورپر کراچی منتقل کردیاگیا۔ انہوں نے بتایا کہ دیگرزخمیوں کو کراچی منتقل کرنے کیلئے خصوصی جہاز کا بندوبست کیا جارہا ہے گیس سلنڈر دھماکے کے بعد تربت کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی ہے ۔دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے تربت میں گیس سلنڈر پھٹنے سے بچوں اوردیگر افراد کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو علاج معالجے کی فوری بہتر سہولیات کی فراہم کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ شدید زخمیوں کو فو ری طورپرکراچی منتقل کیا جائے زخمیوں کے علاج معالجہ کے اخراجات صوبائی حکومت برداشت کریگی۔ جام کمال خان نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔دریں اثناء صوبائی وزیر اطلاعات و ہائر ایجو کیشن ظہور احمد بلیدی نے تربت میں گیس سلنڈر پھٹنے کے واقعہ کے نتیجے میں ایک شخص کے جاں بحق اورمتعددافراد و بچوں کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے صوبائی وزیر نے کہا کہ واقعہ کے بعد تربت کے ہسپتا لوں میں ایمر جنسی نافذ کرتے ہوئے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی اور واقعہ کے شدید زخمیوں کو طیارہ کے ذریعے کراچی منتقل کردیا گیا ہے جہاں سول ہسپتال کراچی کے برن سینٹرمیں ان کا علاج جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی وہ سول ہسپتال کراچی پہنچے او راپنی نگرانی میں زخمیوں کے علاج ومعالجہ کی سہولیات کا جائزہ لیا انہوں نے کہا کہ واقعہ کے زخمیوں کوبہترین طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور ان کے علاج و معالجہ کے تمام اخراجات بلوچستان حکومت برداشت کرے گی انہوں نے کہاکہ واقعہ کے دیگر زخمیوں کو بھی خصوصی پروازکے ذریعے کراچی منتقل کر دیا گیا ہے ۔ صوبائی وزیر نے واقعہ میں جاں بحق ہونے والے شخص کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کیلئے دعا مغفرت کی ہے ۔