کوئٹہ ، غیر قانونی اثاثہ جات کیس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ گرفتار

  • November 29, 2018, 12:00 am
  • National News
  • 55 Views

کوئٹہ ( پ ر)نیب نے بیس کروڑسے زائد کے غیر قانونی اثاثہ جات میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ شیر زمان ترین کو گرفتار کرلیا،ملزم کیخلاف جاری ہرنائی میں کروڑوں روپے مالیت زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ کی انکوائری میں بھی اہم پیشرفت، ملزم کے خلاف اربوں روپے مالیت کے تین ریفرنسز بھی عدالت میں پہلے سے دائر ہیں۔قومی احتساب بیورو بلوچستان نے مبینہ طورپر بیس کروڑ سے زائد غیر قانونی اثاثہ جات بنانے کے الزام میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ شیر زمان ترین کو کوئٹہ سے گرفتار کر لیا ہے۔ جبکہ ملزم کے خلاف کروڑوں روپے مالیت کی 660ایکڑ زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ کے حوالے سے جاری انکوائری میں بھی اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ابتدائی تحقیقات کیمطابق ملزم شیرزمان ترین نے کوئٹہ ، اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں جائیدادیں بنارکھی ہیں۔ واضح رہے کہ نیب بلوچستان نے محکمہ خوراک میں کرپشن کاسراغ لگاتے ہوئے سابق صوبائی وزیر ،سابق سیکریٹری خوراک ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ شیر زمان ترین و دیگر کیخلاف ریفرنسز بھی عدالت میں جمع کرارکھے ہیں۔ہرنائی زمین الاٹمنٹ کے حوالے سے جاری انکوائری کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ ملزم شیرزمان نے محکمہ ریوینیو کی ملی بھگت سے ہرنائی میں انتہائی قیمتی 660ایکڑ سرکاری زمین اپنے اور اپنے بھائیوں کے نام پر الاٹ کروائی۔