بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھا دینگے ، نوابزادہ طارق مگسی

  • November 30, 2018, 11:30 pm
  • National News
  • 41 Views

کوئٹہ(خ ن )صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات نوابزادہ طارق مگسی سے چیئرمین بلوچستان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی میجر ریٹائرڈ محمد اکبر لاشاری نے جمعہ کے روز ملاقات کی ۔ صوبائی مشیر تعلیم حاجی محمد خان لہڑی ، رکن صوبائی اسمبلی میر سکندر عمرانی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ ملاقات کے دوران صوبائی وزیر نوابزادہ طارق مگسی کو چیئرمین بی ڈی اے نے بلوچستان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت جاری ڈیویلپمنٹ پروگرام جس میں سڑکیں ، بلڈنگز اور انڈسٹری کی ترقی شامل ہے کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 70 کلو میٹر طویل ژوب میر علی خیل روڈ بی ڈی اے کے تحت تعمیر ہورہا ہے یہ ایک بڑا اور نہایت ہی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں ماربل انڈسٹری کی ترقی کیلئے کینیڈین کمپنی اور بی ڈی اے کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں جس سے صوبہ میں پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کو فروغ ملے گا۔ صوبائی وزیر نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت جامع پالیسی کے تحت بنیادی ڈھانچے کی فراہمی ، اقتصادی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے منصوبوں کو یقینی بناکر صوبہ بھر میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا ئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ بہت جلد ژوب میر علی خیل روڈ کے کام کا جائزہ لینے کے لئے علاقہ کا دورہ کریں گے۔