بلوچستان اور حکومت پنجاب کا نئے پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق

  • December 2, 2018, 12:04 am
  • National News
  • 52 Views

لاہور(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وزیر اعلیٰ آفس لاہور میں بلوچستان کے وزیراعلیٰ جام کمال خان نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا اوردونوں وزرائے اعلیٰ نے نئے پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے مل کرنیا پاکستان بناناہے اور وزیراعظم عمران خان کے نئے پاکستان میں عام آدمی خوشحال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت دیگر صوبوں کی ترقی کی بھی خواہاں ہے۔ نئے پاکستان میں بلوچستان کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے اور بلوچستان میرے دل کے بہت قریب ہے ۔ بلوچستان میں کارڈیالوجی سینٹر اور چلڈرن ہسپتال بنانے میں تعاون کریں گے اوربلوچستان کی تعمیر و ترقی کیلئے جو کچھ ہوا کریں گے ۔پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کیلئے مل کر آگے بڑھیں گے اورصوبوں کے درمیان یکجہتی، ہم آہنگی او ربھائی چارے کو فروغ دیا جائے گا کیونکہ پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے ملکر کام کرنے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے طلبا و طالبات کیلئے پنجاب کے تعلیمی اداروں میں خصوصی کوٹہ مقرر کیا گیا ہے اور بلوچستان کے طلبا و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کیلئے وظائف فراہم کئے گئے ہیں۔ پنجاب کے تعلیمی اداروں میں بلوچستان کے زیر تعلیم طلبا و طالبات کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کریں گے۔ وزیر اعلیٰ جام کمال خان نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو بلوچستان کے دورے کی دعوت دی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں بلوچستان کے طلبا و طالبات کی بڑی تعداد زیر تعلیم ہے اور پاکستان ہم سب کا سانجھا ملک ہے او رہم وطن کی ترقی کیلئے ایک ہیں ۔وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا، سینیٹر انوارالحق کاکڑ اور پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر راحیل صدیقی بھی اس موقع پر موجود تھے۔دریں اثنا وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے وزیراعلیٰ پنجاب کے آفس میں بزدار قبیلے کے عمائدین نے طور خان بزدار کی قیادت میں ملاقات کی۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار بھی اس موقع پر موجود تھے۔ بزدار قبیلے کے عمائدین نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو مسائل سے آگاہ کیا۔ بزدار قبیلے کے عمائدین نے ضلع بارکھان میں چھپر تا کھرڑ بزدار تک 14 کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر و مرمت کا مطالبہ کیا۔عمائدین نے ضلع بارکھان میں بواٹہ سے براستہ مہمد صمند تا کھر ڑ بزدار سڑک کی تعمیر و مرمت کا بھی مطالبہ کیا۔عمائدین نے بستی حیات محمد، بستی ماربل اور ضلع موسیٰ خیل کی بستی دودر رحمت خان میں بجلی کی فراہمی کا بھی مطالبہ کیا۔وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے بزدار قبیلے کے عمائدین کو مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ آپ کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔بزدار قبیلے کے عمائدین نے مسائل کے حل کی یقین دہانی پر وزیراعلیٰ بلوچستان کا شکریہ ادا کیا۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بلوچستان کے وزیراعلیٰ جام کمال خان کو لاہور آمد پر گرمجوشی کے ساتھ پرتپاک استقبال کیا اور انہیں ایئرپورٹ اور وزیراعلیٰ آفس میں خصوصی پروٹوکول دیا۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار خود ایئرپورٹ پر وزیراعلیٰ بلوچستان کے استقبال کیلئے پہنچے اور لاہور آمد پر انہیں خوش آمدید کہا جبکہ وزیراعلیٰ آفس میں بھی سردار عثمان بزدار نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو خود خوش آمدید کہا اور ملاقات کے بعد انہیں خود باہر آ کر وزیراعلیٰ آفس سے رخصت کیا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ بلوچستان کے وزیراعلیٰ کو لاہور آمد پر خصوصی پروٹوکول دیا گیا۔ دونوں وزرائے اعلیٰ نے ایئرپورٹ اور وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کے موقع پر بلوچی زبان میں بھی گفتگو کی۔