صحافیوں کی فلاح وبہبود کیلئے اقدامات کررہے ہیں ، ظہور بلیدی

  • December 5, 2018, 12:26 am
  • National News
  • 117 Views

کوئٹہ(ویب ڈیسک)بلوچستان کے صوبائی وزیر اطلاعات ، ہائرایجوکیشن میر ظہوراحمدبلیدی نے کہاکہ ہے بلوچستان میں محکمہ اطلاعات کوجدید خطوط پر استوارکرنے ، حقیقی پریس کی سرپرستی کرنے ، صحافیوں کی فلاح وبہبودکیلئے مختص فنڈز سے دوردرازعلاقوں کے صحافیوں کومستفید کرانے کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پاکستان میڈیاکلب کے چیئرمین ضیاء خان کے اعزازمیں اپنی رہائش گاہ پردئیے گئے ناشتہ کے موقع پر تربت پریس کلب کے عہدیداروں وممبران سے غیررسمی تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر کراچی کے صحافی حفیظ دشتی بلوچ ودیگر شخصیات بھی موجودتھیں،صوبائی وزیر اطلاعات ،ہائرایجوکیشن میر ظہوراحمدبلیدی نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ محکمہ اطلاعات کو صحافی دوست محکمہ بنائیں ، حقیقی پریس کی سرپرستی کریں اور گڈگورننس کے نفاذکیلئے ان سے راہنمائی لیں ، اس موقع پر پاکستان میڈیا کلب کے چیئرمین ضیاء خان نے پریس کلب کے عہدیداروں وارکان سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہاہے کہ میڈیا میں خامیاں وکوتاہیاں ضرور ہیں جنہیں دورکرنے کی ضرورت ہے تاہم صحافیوں کی ایکسپوژر اور ان کی استعداد کاربڑھائے بغیر خامیوں وکوتاہیوں پرکنٹرول مشکل امرہوگا ، صحافی ٹریڈ یونین کے دورسے نکلیں کیونکہ یہ دور ٹریڈیونین کانہیں بلکہ کمرشلائزیشن کا دورہے ، موجودہ دورمیں ہرچیز کمرشل ہوگئی ہے ،صحافی کمرشلائزیشن کے تقاضوں سے بھی آگاہی حاصل کریں انہوں نے کہاکہ جب آپ عزم کرلیں اورمشکلات سے نمٹیں تو آپ کو کامیاب صحافی بننے سے کوئی نہیں روک سکتا جب آپ ہمت کریں گے توناکامی بھی کامیابی میں بدل سکتی ہے ، اپنی استعداد کاربڑھانے کیلئے لوگوں سے مددمانگو ، انہوں نے کہاکہ دنیا میں کئی ایسے چینل ہیں جنہیں ایک فرد، 2افراد یاپھر3 افراد چلارہے ہوتے ہیں اور وہ کامیاب چینل بھی ہیں ، انہوں نے کہاکہ معاشرے کا مجموعی المیہ یہ ہے کہ ہم اپنا کام کرتے نہیں اور دوسروں کے معاملات میں دخل دیتے ہیں ۔