وزیراعلیٰ کا ٹریفک اور صفائی کی ابترصورتحال پر عدم اطمینان کااظہار

  • December 7, 2018, 11:45 pm
  • National News
  • 85 Views

کوئٹہ(خ ن )وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کوئٹہ شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل اور صفائی کی ابتر صورتحال پر ناپسندیگی اور اس حوالے سے ٹریفک پولیس اور متعلقہ محکموں کے اقدامات پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر ٹریفک اور صفائی کی صورتحال کے بہتری کے لئے متعلقہ اداروں اور محکموں کی کارکردگی اور اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں جمعہٰ کے روز اجلاس منعقد ہوا۔ وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شیریارتاج ، چیف سیکرٹری منصوبہ بندی وترقیات سجاد احمد بھٹہ، مختلف محکموں کے سیکرٹری قمبر دشتی، شیریارخان بازئی ، کمشنر کوئٹہ ڈویژن ہاشم خان غلزئی، ایس ایس پی ٹریفک نذیر احمد کرد اور دیگر متعلقہ افسران اجلاس میں شریک تھے۔ اجلاس میں کوئٹہ شہر میں ٹریفک اور صفائی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ کوئٹہ شہر میں ٹریفک کی بلاتعطل آمدرفت کے لئے ٹریفک مینجمنٹ پلان کی اشد ضروری ہے جس کی تشکیل کے لئے جلد حکمت عملی وضع کیا جائے گا جبکہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹریفک انجینئرنگ بیورو کی قیام کے لئے مختلف محکموں کی مشاورت سے سفارشات مرتب کر کے آئندہ کابینہ کے اجلاس میں پیش کی جائیں گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر میں غلط پارکنگ، تجاوزات اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ شہر سے ڈیری فارمزاور موٹرگیراجوں کی منتقلی کے لئے بھی اقدامات تیز کئے جائیں گے جس سے شہر میں صفائی اور ٹریفک کے نظام میں غیر معمولی بہتری آئیگی۔