میٹر وپولیٹن کاورپویشن کی حدود میں ردوبدل قبول نہیں ،پشتونخوامیپ

  • December 12, 2018, 11:46 pm
  • National News
  • 61 Views

کوئٹہ( پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے پریس ریلیز میں گذشتہ دنوں صوبائی کابینہ کے اجلاس میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ اور ڈسٹرکٹ کونسل کوئٹہ کی حدود میں رد وبدل ، تبدیل کرنے اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کی حدود میں توسیع کے عوام دشمن فیصلے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت ایسے عوام دشمن فیصلے بغیر کسی سٹیک ہولڈرکو اعتماد میں لےئے کررہی ہے جوکہ مکمل طور پر ہمارے عوام کیلئے ناقابل قبول ہیں ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ماضی میں بھی کوئٹہ کے میونسپل کارپوریشن کی حدود کو تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی جس کے خلاف اُس وقت زبردست عوامی تحریک چلی اورپارٹی کے مرحوم رہنماء عبدالرحیم مندوخیل نے تاریخی بھوک ہڑتال کی جس کے بعد اس وقت کی حکومت کو اپنا عوام دشمن فیصلہ واپس لینا پڑااور بڑے عرصے تک بلدیاتی انتخابات نہ ہوسکے۔ اور اب بھی اگر حکومت نے اپنا عوام دشمن فیصلہ واپس نہ لیا تو پھر موجودہ حکمرانوں کو عوامی قہر وغصب کا سامنا کرنا پڑیگا۔ بیان میں کہاگیا ہے کہ حکومت میٹروپولیٹن کارپوریشن اور ڈسٹرکٹ کونسل کی حدود کوبرقرار رکھتے ہوئے نئی مرد م شماری کے مطابق میٹروپولیٹن کارپوریشن اور ڈسٹرکٹ کونسل کے وارڈ اور یونین کونسل کی نئی حلقہ بندیاں کرے ۔اور ان حلقہ بندیوں کے متعلق تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیتے ہوئے ایسا واضح طریقہ کار اختیار کیا جائے کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے وارڈز اور ضلع کوئٹہ کی یونین کونسلز اور ان کے وارڈز کی آبادیاں برابر ہوں۔ اور کسی بھی حلقے کے عوام کی حق تلفی نہ ہو۔تاکہ عوام کو نئی آبادی کے مطابق اپنی یونین کونسل اور وارڈ کیلئے نمائندہ گان منتخب کرسکے بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال میں صوبائی حکومت اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کے پاس اتنے وسائل موجود ہی نہیں کہ وہ مجوزہ توسیع کردہ حلقوں کو شہری اور دیگر سہولیات فراہم کرسکے ۔ لہٰذا عقل سلیم کا تقاضا یہ ہے کہ حکومت نئے تنازعات پیدا کرنے اور اس میں الجھنے کی بجائے موجودہ بلدیاتی اداروں کو ضروری اختیارات دیتے ہوئے موجود وسائل کے ذریعے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے۔