زندگی کے ہر شعبہ کی ترقی معیار تعلیم کے فروغ سے وابستہ ہے ، گورنر یاسین زئی

  • December 13, 2018, 11:10 pm
  • National News
  • 53 Views

کوئٹہ(خ ن ) گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ دنیا میں اپنا نام اور اپنی پہچان بنانے کیلئے ضروری ہے کہ ہم پل پل بدلتی دنیا کے نئے رجحانات کے مطابق تحقیق پر مبنی علم و ر وشنی کو فروغ دیں کیونکہ زندگی کے ہر شعبہ کی ترقی معیاری تعلیم کے فروغ سے وابستہ ہے۔ یہ بات انہوں نے بلوچستان یونیورسٹی کے دورے کے موقع پر کہی۔ بحیثیت چانسلر یہ ان کا پہلا رسمی دورہ تھا۔ اس موقع پر وائس چانسلربلوچستان یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال بھی موجود تھے۔ بلوچستان یونیورسٹی کے تمام ڈین فیکلٹی چیئرمین ڈیپارٹمنٹ اور پروفیسر حضرات سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے کہا کہ آپ اپنے علم و تجربے کے مطابق تعلیمی معیار کو مزید بلند کرنے کیلئے اپنی مثبت تجاویز و آراء4 پیش کرنے میں بھر پور کردار ادا کریں۔ یونیورسٹی کے اساتذہ کو درپیش مشکلات کے حوالے سے گورنر نے کہا کہ میری خواہش اور کوشش رہی ہے کہ تمام درپیش مشکلات و مسائل کا پائیدار حل ڈھونڈ سکوں۔ گورنر نے ہدایت کی کہ تعیناتیوں اور پرو موشن میں میرٹ اور شفافیت کا خصوصی خیال رکھا جائے تاکہ قابل اور مستحق لوگ سامنے آئیں۔ قبل ازیں گورنر نے یونیورسٹی کی لائبریری کا معائنہ کیا یونیورسٹی کے میڈیا اینڈ جرنلزم ڈیپارٹمنٹ میں یونیورسٹی ٹی وی اسٹو ڈیو کا باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے ٹی وی اسٹوڈیو کو عوامی شعور و آگہی کیلئے خوش آئند اقدام قرار دیا۔ آخر میں گورنر نے اکیڈمک بلاک کا افتتاح بھی کیا۔