بلوچستان حکومت صحت اور تعلیمی اداروں کو مثالی بنانے پر کام کررہی ہے،میر عارف محمد حسنی

  • December 14, 2018, 11:10 pm
  • National News
  • 72 Views

دالبندین (آئی این پی)صوبائی وزیر خزانہ میر محمد عارف محمدحسنی نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت صحت اور تعلیمی اداروں کو مثالی بنانے پر کام کررہا ہے. ان کا کہنا ہے کہ پسماندہ علاقوں میں سڑکوں کا جال بچھا کر ان کو آپس میں ملایا جائے گا. انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جلد ہی ضلع چاغی میں قلت آب کا مسئلہ مستقل طور پر حل کیا جائے گا. ان خیالات کا اظہار انہوں نے دالبندین کے علاقے چہتر کی دورے کے موقع پر مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر لوگوں نے انھیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا. صوبائی وزیر خزانہ میر محمد عارف محمدحسنی کا کہنا تھا کہ صوبے بھر کے اسپتالوں میں ماہر ڈاکٹرز، جنرل سرجن، اسپیشلسٹس اور متعلقہ تکنیکی عملہ تعینات کیا جارہا ہے تاکہ لوگوں کو صحت کی بہتر اور مفت سہولیات فراہم کی جاسکیں. ان کا کہنا تھا کہ پرنس فہد اسپتال دالبندین کی حالت بھی تبدیل ہورہی ہے جہاں دور دراز سے آئے مریضوں کو ریلیف مل رہا ہے لیکن وہاں مزید بہتری کی ضرورت بھی ہے جس پر کام کررہے ہیں. انہوں نے کہا کہ چہتر کو خاران کے قریبی علاقوں سے بذریعہ سڑک ملایا جائے گا تاکہ لوگوں کو آسان سفری سہولیات ملیں جبکہ یہاں کے زمینداروں کو بلڈورز کے گھنٹے بھی فراہم کیئے جائیں گے تاکہ وہ اپنے زرعی زمینوں کے بندات کی مرمت کرسکیں. انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پوژوئی واٹر سپلائی پراجیکٹ پر جلد کام شروع کیا جائے گا جس کی تکمیل کے بعد دالبندین میں قلت آب کا مسئلہ مستقل طور پر حل ہوگا جبکہ نوکنڈی کو دو ذرائع سے پانی فراہم کی جائے گی اس کے علاوہ یک مچھ، تفتان اور تحصیل چاغی میں بھی قلت آب کے مسئلے پر قابو پانے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔