بدامنی باختیار طبقہ کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے ، نوابزادہ لشکری رئیسانی

  • December 16, 2018, 11:05 pm
  • National News
  • 85 Views

کوئٹہ (این این آئی) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے نیوروسرجن ڈاکٹر شیخ ابراہیم خلیل کے اغواء کو ریاستی اداروں کی نااہلی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں لوگ عدم تحفظ کا شکار بااختیار ادارے سمگلرز اور جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی کررہے ہیں ۔ حکومت مغوی ڈاکٹر کی بازیابی کے لئے اقدامات اٹھائے اپنے جاری کردہ مذمتی بیان میں نوابزادہ لشکری رئیسانی نے مزید کہا کہ کوئٹہ کے علاقے ماڈل ٹاؤن سے نیوروسرجن ڈاکٹر ابراہیم خلیل کا اغواء خود غرضی میں مبتلا بااختیار طبقہ کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے ۔بلوچستان کے وسائل کو ایک خاص طبقہ کے مفاد میں دینے سے اربوں روپے بلوچستان کے عوام پر خرچ ہونے کے بجائے سیکورٹی اداروں پر خرچ ہورہے ہیں اس کے باجود بلوچستان کے لوگ عدم تحفظ کا شکار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مخصوص ادارے کی سرپرستی میں شرفاء کے شہر چھوٹے لندن کو سمگلروں اور جرائم پیشہ عناصر کا مرکز بنادیا گیا ہے جہاں شریف النفس لوگ سیاسی کارکن ، ڈاکٹرز، وکلاء ، طالبعلم سمیت کوئی شخص اور طبقہ محفوظ نہیں طویل ساحلی پٹی ، بیش بہا قدرتی معدنیات کے مالک نان شبینہ کیلئے پریشان ہیں وہاں جرائم پیشہ عناصر اور سمگلرز آزادی سے نقل وحمل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں بدامنی، اغواء برائے تاوان، دہشتگردی کے واقعات خود غرضی کے مرض میں مبتلا بااختیار طبقہ کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہیں۔ یہاں بلوچستان کے وسائل سے اربوں روپے سیکورٹی کے نام پر خرچ کرنے والے ادارے عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے بجائے سمگلروں اور جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی میں مصروف ہیں ۔ انہوں نے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ‘ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ، بولان میڈیکل ٹیچر ایسوسی ایشن ،بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسزکی فیکلٹی ممبران ٹیچرز سے یونیورسٹی کے شعبہ نیوروسرجری کے سینئر فیکلٹی ممبر پروفیسر ڈاکٹر شیخ ابراہیم خلیل کے اغوا ء پر یکجہتی کا اظہار کیا ہے ۔