نجی وسرکاری ہسپتالوں میں ہڑتال ایمرجنسی کے علاوہ تمام خدمات کا آج سے بائیکاٹ کا اعلان

  • December 17, 2018, 11:59 pm
  • National News
  • 98 Views

کوئٹہ (این این آئی) ڈاکٹر ز ایکشن کمیٹی نے مغوی پروفیسر ڈاکٹر ابراہیم کی عدم بازیابی کے خلاف دو روزتک کوئٹہ کے سرکاری ہسپتالوں میں او پی ڈیز میں مکمل جبکہ نجی ہسپتالوں میں دو گھنٹے کی ہڑتال کا اعلان کر تے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مغوی ڈاکٹرشیخ ابراہیم خلیل کی جلد بازبابی کو یقینی بنایا جائے ،تفصیلات کے مطابق پیر کو پی ایم اے ،بی ایم ٹی اے ، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ،وائی سی اے،ملغاری ڈاکٹرون،بلوچ ڈاکٹر فورم ،پیر امیڈیکل سٹاف فیڈریشن پر مشتمل ڈاکٹرز ایکشن کمیٹی کا اجلاس تنظیم کے نامزدچےئرمین پروفیسر ڈاکٹر ظاہر مندوخیل کی صدارت میں منعقد ہوا ، اجلاس میں پروفیسر ابراہم شیخ کی عدم بازیابی اور ڈاکٹروں کی زندگیوں کو لاحق خطرات پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور تین دن گزرنے کے باوجود ڈاکٹر ابراہیم کی عدم بازیابی کے خلاف دو روز (منگل ،بدھ ) کو کوئٹہ کے سرکاری ہسپتالوں میں او پی ڈیز کا بائیکاٹ کا فیصلہ کیاگیا جبکہ ڈاکٹر نجی ہسپتالوں میں تین سے پانچ بجے تک فرائض سرانجام نہیں دیں گے ،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایمرجنسی، ٹراما سینٹر ، سمیت دیگر حساس شعبہ جات میں ہڑتال نہیں کی جائیگی ،ڈاکٹر ز ایکشن کمیٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پروفیسر ڈاکٹر ابراہیم شیخ کی جلد اور با حفاظت بازیابی کے لئے مربوط اقدامات کیے جائیں اور ساتھ ہی ڈاکٹر کی جان و مال کے تحفظ کے لئے سکیورٹی پلان بھی مرتب کیا جائے ، اجلاس میں پروفیسر ڈاکٹر ظاہر خان مندوخیل کو تنظیم کاصدر ، ڈاکٹر کلیم اللہ مندوخیل کو سیکرٹری ، ڈاکٹر طارق مری کو فنانس سیکرٹری مقرر کردیا گیا ۔