حکمران اور نیب ایک ہی ڈگرپر کامزن ہیں ،حافظ حسین احمد

  • December 20, 2018, 12:25 am
  • National News
  • 74 Views

کوئٹہ(پ ر)جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ ایک زرداری ’’سب‘‘ پر نہیں ’’پیپلز پارٹی‘‘ پر ہی بھاری ہے، حکمران اور نیب ایک ہی ڈگرپر گامزن ہیں دونوں کا ایجنڈا مخالفین کو قابو کرنا ہے، مڈٹرم انتخابات نہیں بلکہ حالات کو قومی حکومت کی طرف دھکیلا جارہا ہے۔ بدھ کے روز اپنی رہائشگاہ جامعہ مطلع العلوم میں مختلف وفود اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ حسین احمد کا مزید کہنا تھا کہ کوئی شک نہیں کہ ایک زرداری سب پر بھاری مگر حقیقت یہ ہے کہ ایک زرداری ان پر ہی زیادہ بھاری ثابت ہوئے ہیں جو ان کے قریب ہوتے ہیں، آصف زرداری سب سے زیادہ پیپلز پارٹی اور بلاول پر بھاری ثابت ہوئے ہیں ،بلاول نے پارٹی کو کچھ عرصہ سنبھالا تھا مگر پھر زرداری کو فری ہینڈ دیا گیا تو پارٹی دوبارہ ڈگمگانے لگی ہے لگتا ہے کہ مستقبل میں بلاول ہی سیاسی کردار ادا کریں گے بشرطیکہ انہیں چھوڑ دیا جائے، انہوں نے کہا کہ حکمرانوں اور نیب کا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ مخالفین کو قابو کیا جائے ، انہوں نے کہا کہ حالات قبل از وقت انتخابات کہ نہیں بلکہ قومی حکومت کے قیام کے لگتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ خاموشیاں ختم کرکے سرگوشیاں شروع کردی گئی ہیں ، پنجاب کے میاؤں اور بی بی کے میاں کو چاہئے کہ وہ مولانا فضل الرحمن کی طرح کھل کراپوزیشن کریں سرگوشیوں سے کچھ نہیں ہوگا، انہوں نے کہا کہ مستقبل میں پنجاب کے چھوٹے اور بڑے میاں اور بی بی میاں کو مخلصانہ اپوزیشن کے لیے حلف لینا ہوگا کیوں کہ ماضی میں انہوں نے مثبت اپوزیشن کا کردار ادا نہیں کیا،انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور آصف زرداری میدان میں آئیں گے لیکن میاں نواز شریف اور مریم نواز خاموش ہی رہیں گے جب تک مخلصانہ کردار ادا نہیں کیا جائے گا تب تک اپوزیشن اپنا کردار ادا نہیں کر سکے گی، انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کی پہلی اے پی سی میں اگر مخلصانہ رویہ اپنایا جاتا تو آج صورتحال کچھ اور ہوتی۔