اہم امور میں اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں، جام کمال

  • December 20, 2018, 12:26 am
  • National News
  • 71 Views

کوئٹہ (خ ن) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ حکومت تمام اہم امور میں اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے، کوئٹہ شہر کی بہتری سمیت صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں کی ترقی کے لئے اپوزیشن کی قابل عمل تجاویز کو اہمیت دی جائے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیاجس نے بدھ کے روز یہاں ان سے ملاقات کی وفد میں اختر حسین لانگو، اصغر ترین، مولوی نوراللہ، میر محمد یونس زہری، محمد اکبر مینگل، ٹائیٹس جانسن اشرف اور سابق رکن قومی اسمبلی محمد عثمان بادینی شامل تھے جبکہ صوبائی وزیر خزانہ میر محمد عارف محمد حسنی بھی اس موقع پر موجود تھے، ملاقات میں کوئٹہ، پشین، خضدار، قلعہ عبداللہ سمیت دیگر علاقوں میں تعلیم اور صحت کے مسائل کے حل اور تجاوزات کے خاتمے سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل اور خدمات کی فراہمی کے محکموں کی کارکردگی میں اضافہ کے لئے اپوزیشن کی مثبت تجاویز کا خیرمقدم کرے گی، انہوں نے کوئٹہ شہر کے مسائل کے حوالے سے اراکین اسمبلی سے کہا کہ وہ سریاب روڈ، جوائنٹ روڈ سمیت دیگر علاقوں میں تجاوزات کے خاتمے کے لئے تجاویز دیں، کوئٹہ اور صوبہ ہم سب کا ہے، ان کی بہتری اور ترقی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، وفد نے مسائل کے حل کے لئے اپوزیشن کے موقف اور تجاویز کو اہمیت دینے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔