نیب نے کرپشن کے الزام میں ایم ڈی جیڈا محبوب دشتی اور جی ایم فنانس وقاص احمد کو گرفتار کرلیا

  • December 22, 2018, 12:49 am
  • National News
  • 111 Views

کوئٹہ (ویب ڈیسک)قومی احتساب بیورو بلوچستان نے گوادر انڈسٹریل سٹیٹ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جیڈا) میں بڑے پیمانے پر مبینہ کرپشن کے الزام میں مرکزی ملزمان ایم ڈی جیڈا محبوب دشتی اور جی ایم جیڈا فنانس وقاص احمد کو گرفتار کرلیا۔ملزمان نے قوائد و ضوابط کی دھجیاں اْڑاتے ہوئے اپنے دوستوں ، عزیز و اقرباء اور غیر متعلقہ لوگوں کوسرکاری پلاٹوں کی غیرقانونی الاٹمنٹ کے ذریعے مبینہ طور پر نہ صرف کروڑوں روپے کا ذاتی فائدہ حاصل کیا بلکہ سرکاری خزانے کو بھی نا قابلِ تلافی نقصان پہنچایا۔نیب کی تفتیشی ٹیم کو دورانِ تفتیش انکشاف ہو اکہ گوادر انڈسٹریل سٹیٹ جسکا قیام گوادر میں صنعت و حرفت کی فروغ کے لئے کیا گیا تھا میں سرکاری اراضی ایسے لوگوں کو الاٹ کی گئی جن کا صنعت و حرفت سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ملزمان نے نوکروں ، ڈرائیوروں اور ایسے افراد کو بھی پلاٹ الاٹ کئے جنہوں نے نیب حکام کو بتایا کہ انہوں نے پلاٹس کے لئے کبھی اپلائی ہی نہیں کیا۔جعلی شناختی کارڈوں کے ذریعے مختلف لوگوں کو سرکاری زمین کی الاٹمنٹ کے ذریعے کروڑوں روپے کی کرپشن کی گئی۔ملزمان کو عدالت پیش کر کے جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا گیاہے۔