نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں سزا ’’عزیزوں‘‘ کی بدولت ہوئی :حافظ حسین احمد

  • December 25, 2018, 12:31 am
  • National News
  • 80 Views

کوئٹہ( پ ر) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی ترجمان اورمتحدہ مجلس عمل کی رابطہ کمیٹی کے سربراہ حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں سزا ’’عزیزوں‘‘ کی بدولت ہوئی ہے، احتساب سب کا ہونا چاہئے مگراحتساب کو انتقام میں تبدیل نہ کیا جائے، یہی حالات رہے تو پوری کھیپ ’’اسمبلی‘‘ سے ’’اڈیالہ‘‘ منتقل ہوجائے گی۔ پیر کے روز جیکب آباد کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ حسین احمد نے کہاکہ العزیزیہ ریفرنس میں اگر نواز شریف کے بیٹے پیش ہوتے تو آج معاملہ مختلف ہوسکتا تھا، العزیزیہ ریفرنس کا فیصلہ عزیزوں کی بدولت آیاہے، انہوں نے کہاکہ احتساب علیم سے علیمہ تک ہونا چاہیے البتہ یہ کہنا کہ اِن کا احتساب ہورہا ہے ان کا نہیں لہذا ہم کہتے ہیں کہ احتساب سب کا ہوناچاہیے اور احتساب کو انتقام میں تبدیل نہ کیا جائے، انہوں نے کہا کہ ملک میں جوصورتحال موجود ہے اگر یہی صورتحال رہی تو پھر پوری کھیپ ’’اسمبلی ‘‘ سے ’’اڈیالہ‘‘ منتقل ہوجائے گی، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو اپوزیشن کرنی چاہئے مگر اپوزیشن اس پوزیشن میں نہیں ہے ،آج بھی پنجاب کے میاں اوربی بی میاں کے حوالے سے جو کچھ ہورہا ہے اس کے باوجود یہ آپس میں اپوزیشن کو متحد کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں، نواز لیگ اور پیپلز پارٹی نے اپوزیشن جماعتوں کومتحد کرنے کے لیے مولانا فضل الرحمن کو کنوینر شپ دی لیکن مسئلہ یہ ہے کہ ان دونوں جماعتوں کے درمیان ابھی تک تحفظات موجود ہیں ، انہوں نے کہاکہ دینی جماعتوں کی قیادت کے حوالے سے ابھی تک کوئی بات سامنے نہیں آئی ہے اس کے علاوہ اس حمام میں سب ’’احتسابی‘‘ لباس کے بغیر ہیں ، انہوں نے کہاکہ لگتا ہے کہ اس وقت کچھ معاملات ادھرہورہے ہیں توکچھ معاملات ملک سے باہر ہورہے ہیں اورترکی بہ ترکی معاملات چل رہے ہیں۔