بلوچستان میں ترقی کاپہیہ چل پڑا ، ملک کو ترقی کا راہ پر گامزن کریں گے ،سیاسی وعسکری قیادت

  • December 26, 2018, 12:25 am
  • National News
  • 86 Views

زیارت (خ ن )بلوچستان میں ترقی کاپہیہ چل پڑا ہے ملک کو ترقی کا راہ پر گامزن کریں گے اں خیالات کا اظہار ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی محمد قاسم سوری اور آئی جی ایف سی بلوچستان جنرل فیاض حسین شاہ نے زیارت میں قائداعظم محمد علی جناحؒ کی یوم پیدائش کے موقع پر قائد اعظم ریذیڈنسی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر کمانڈر سدرن کمانڈ جنرل عاصم سلیم باجوہ ،وفاقی وزیر زبیدہ جلال ،صوبائی وزراء حاجی نورمحمد خان دمڑ ،ظہور بلیدی ،عبدالخالق ہزارہ، نصیب اللہ مری ،انجنئیر زمرک خان اچکزئی ،اکبر آسکانی ،محمد خان لہڑی ،ضیاء لانگو،ملک نعیم بازئی ،ڈپٹی سپیکر بابر موسیٰ خیل ،ایم این اے سردار اسرار ترین ،اراکین اسمبلی سید محمد فضل آغا،سردار مسعود لونی،کمشنر سبی ڈویژن سید فیصل شاہ ،ڈپٹی کمشنر قادر بخش پرکانی بھی موجود تھے۔ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زیارت کے لوگ خوش قسمت ہیں کہ قائد اعظم نے اپنی زندگی کے آخری ایام زیارت میں گزارے،علامہ محمد اقبال ؒ نے پاکستان بننے کا خواب دیکھا ،جس کوقائد اعظم محمدعلی جناح ؒ نے عملی جامہ پہنایا،ہمیں بھی قائد اعظم کے اصولوں پر عمل پیر اہونا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کے وزیر اعظم عمران خان قائداعظم محمد علی جناح ؒ کے وژن کے مطابق ملک کو چلارہے ہیں جس میں ایک ایساپاکستان ہوگا جس میں امیر اور غریب کا فرق نہیں ہوگا۔انہوں نے کہاکہ کرپشن کا خاتمہ اولین ترجیح ہے ملک میں کرپٹ عناصر کے لیے کوئی جگہ نہیں،ملک کو ترقی یافتہ بنانے کے ساتھ کرپشن سے بھی خاتمہ کریں گے ۔تقریب سے آئی جی ایف سی بلوچستان جنرل فیاض حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں امن کا سورج طلوع ہوچکا ہے ،بلوچستان میں امن وامان کے لیے سیکورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں ، ایف سی امن وامان کے ساتھ عوام کو فری میڈیکل کیمپ اور کوالٹی ایجوکیشن کے سلسلے میں بھی بھرپور کردار ادا کررہی ہے ،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج ،اور ایف سی ہر اول دستے کا کردار ادا کررہی ہیں ۔انہوں نے کہا جوبھی حکومتی رٹ کو چیلنج کرے گا ان کے خلاف بھرپور کاروائی کریں گے ،جوبھی قومی دھارے میں شامل ہوگا ان کو خوش آمدید کہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستان دیا ہے اس کی چپہ چپہ کی حفاظت کریں گے اورقائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے افکار ہمارے مشعل راہ ہے ان پر عمل کرکے ملک کو ناقابل تسخیر بنائیں گے ۔