عوام کا مینڈیٹ چوری کرنیکی اجازت کسی کو نہیں دینگے ، ایچ ڈی پی ،اصغر اچکزئی

  • December 26, 2018, 11:23 pm
  • National News
  • 78 Views

کوئٹہ (پ ر)عوامی نیشنل پارٹی اور ہزارہ ڈیمو کریٹک پاٹی کے رہنماؤں ن کہا ہے کہ برادر اقوام کوئٹہ اور بلوچستان کے عوام ک دمیان دوستی کے رشتے کومستحکم کرنے کیلئے مشترکہ طور پر امن‘ محبت اور بھائی چارے کے نعرے کا پرچار کر رہے ہیں۔ روشن خیال اور قوم دوست سیاسی جماعتوں کے اتحاد کے صوب بھر میں مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ حلقہ پی بی26کے عوام نے ایچ ڈی پی کو مینڈیٹ دیا۔ عوامی مینڈیٹ کسی کو چوری کرنے نہیں دینگے۔ محض ایک نشست کیلئے سیاسی و نظریاتی اصولوں کو پامال کر کے یکجا ہونے والی اپوزیشن جماعتیں عوام اور ووٹرز کی آنکھوں میں دھول جھونک رہی ہیں۔ کاش یہ جماعتیں ایک سیٹ کی بجائے بلوچستان اور کوئٹہ کے عوام کے حقیقی مسائل فرقہ واریت دہشت گردی کے خاتمے اور اقوام کے درمیان بھائی چارے کے فروغ کیلئے اتحاد کرتیں۔ ایک سیٹ اور ہزارہ ٹاؤن و ایچ ڈی پی کے مینڈیٹ کو چرانے کی خاطر بنائے جانے والا اپوزیشن اتحاد پارلیمانی سیاسی و جمہوری اصولوں کے برخلاف ہے۔ حلقہ پی بی26ہزارہ‘پشتوں‘ بلوچ اور سیٹلرز کا مشترکہ حلقہ ہے جس کی نمائندگی ایچ ڈی پی بلاتفریق رنگ و نسل بہ طریق احسن کر سکتی ہے ان خیالات کا اظہار عوامی نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام ایچ ڈی پی کے حلقہ پی بی26سے امیدوار قادر نائل کی حمایت میں جلسہ و ظہرانہ سے اے این پی کے صوبائی صدر و بلوچستان اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر اصغر خان اچکزئی‘ ایچ ڈی پی کے چیئرمین عبدالخالق ہزارہ‘ اے این پی کے صوبائی صدر نوابزادہ ارباب عمر فاروق کاسی ایچ ڈی پی کے جنرل سیکرٹری احمد علی کوہزاد پی بی 26کے امیدوار قادر نائل اے این پی کے رہنماوں عصمت بازئی اور کاکا نے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ مقررین نے کہا کہ اے این پی اور ایچ ڈی پی کا اتحاد حادثاتی نہیں بلکہ دونوں جماعتیں شہر اور صوبہ کے وسیع تر مفادات سمیت مشترکہ سوچ و فکر اور امن‘ رواداری‘ عدم تشدد کی یکساں پالیسیوں کی بدولت متحد ہوئی ہیں۔ دونوں جماعتوں کا اتحاد وقتی نہیں بلکہ یہ اتحاد باہمی اعتماد و اعتبار باہمی برداشت اور ایک مثبت سوچ کی بنیاد پر استور ہوا ہے جس سے یہاں کے سیاسی‘ سماجی‘ معاشی اور معاشرتی سطح پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ رہماؤں نے کہا کہ ہزارہ ٹاؤن اور اس سے متصل علاقوں میں آباد اقوام نے ہمیشہ ایچ ڈی پی پر اس کی وسیع النظر‘ روشن خیالی اور برابری و برادری پر استوار پالیسیوں کی وجہ سے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔25 جولائی2018ء کے انتخابات میں پی بی26کی نشست ایچ ڈی پی نے واضح برتری سے جیت لی تھی۔ اب ضمنی انتخابات میں تمام جماعتوں کو ایچ ڈی پی کے مینڈیٹ کا احترام کرنا چاہیے تھا لیکن افسوس کہ بعض جماعتیں اپنے اصولوں سے روگردانی کر کے ایچ ڈی پی کے مینڈیت کو چرانے کیلئے مصنوعی اتحاد کا سہارا لے رہی ہیں۔ نصف دہائی تک ایک دوسرے کو برا بھلا کہنے والے آج محض ایک سیٹ کی خاطر اتحاد کر کے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں سیاسی‘ جمہوری اور قومی اصولوں کو پامال کر کے عوامی مینڈیٹ چوری کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ تنگ نظری کی انتہا اس سے بڑھ کر اور کیا ہو سکتی ہے کہ ایچ ڈی پی کی جیتی ہوئی نشست پر آگ اور پانی کا ملاپ ہو رہا ہے حلقہ کے عوام کو قومیت ‘مذہب اور علاقائی تعصب کی بنیاد پر ورغلایا جا رہا ہے لیکن حلقے کے تمام اقوام نے تنگ نظری اور موقع پرستی کی اس سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔کاش یہ جماعتیں شہر کی ترقی و خوشحالی‘ بلوچستان میں امن و رواداری کیلئے متحد ہوتیں۔ کاش نسلی‘لسانی و مسلکی نفرتوں کے خاتمے کیلئے اتحاد کیا جاتا۔اخلاص‘صداقت‘ اصولوں سے عاری مصنوعی اور دکھاوے کے اتحاد کی حقیقت سے عوام واقف ہو چکے ہیں حلقہ پی بی26 کے ووٹرز ایچ ڈی پی اور اے این پی کے مشترکہ امیدوار کے حق میں اپنا حق ر ائے دہی استعمال کریں گے اور سال نو کا سورج قادر نائل کی کامیابی کی نوید لے کر طلوع ہوگا۔ مقررین نے کہ کہ ایچ ڈی پی اور اے این پی کے ارکان اسمبلی اپنے عوام کی موثر آواز بن کر اسمبلی میں گئے۔ ہمارے سامنے اقتدار کی اہمیت نہیں دونوں جماعتیں کوئٹہ شہر اور صوبے کے عوام کو جوڑنے اور اقوام کے مابین محبت‘ روداری اور باہمی احترام کے کلچر کو فروغ دینے کیلئے کمربستہ ہوئی ہیں۔ دونوں جماعتیں جمہوری جمہوری اداروں کے استحکام‘ عوام کے حق حاکمیت کیلئے جدوجہد کر رہی ہیں۔ دونوں جماعتوں کے ارکان اسمبلی موجودہ حکومت کا حصہ ہوتے ہوئے صوبے کے تمام معاملات اور امور کو مثبت انداز میں چلانے کیلئے موثر کردار ادا کر رہے ہیں۔ ہم پی بی26کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ آپ کے اعتماد کی بدولت کامیابی کی صورت میں حلقے کی ترقی و خوشحالی کیلئے بلاتفریق رنگ و نسل اقدامات کریں گے۔ عوام کو کسی صورت مایوس نہیں کریں گے۔ حلقے کے عوام اپنے بہتر مستقبل اور امن‘ محبت اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے قادر نائل کی کامیابی کو یقینی بنائیں۔