ماضی میں نوجوان کی عدم حوصلہ افزائی بدقسمتی ہے ، وزیراعلیٰ بلوچستان

  • December 26, 2018, 11:26 pm
  • National News
  • 103 Views

کوئٹہ(خ ن )وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کو نیشنل کالج آف آرٹس لاہور میں زیرتعلیم آواران سے تعلق رکھنے والے ویڑول آرٹسٹ احمد بلوچ نے اپنے فن پارے پیش کئے، وزیراعلیٰ نے فن پاروں میں انتہائی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے احمد بلوچ کے فن کو سراہا، انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں باصلاحیت نوجوانوں کی کمی نہیں ہے جو مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوارہے ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ وہ مزید بہتر طریقے سے اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرسکیں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ امر ہمارے لئے باعث فخر ہے کہ آواران اور دیگر دوردراز اضلاع کے نوجوان دیگر صوبوں کے تعلیمی اور فنی اداروں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرکے صوبے کا نام روشن کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں کھیل،آرٹ اور دیگر شعبوں میں باصلاحیت نوجوانوں کی حوصلہ افزائی نہیں کی گئی تاہم موجودہ حکومت ان شعبوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دے کر صوبے کے باصلاحیت نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرے گی۔ نوجوان آرٹسٹ نے حوصلہ افزائی کرنے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔