ملکی ترقی وخوشحالی کیلئے مالی مشکلات پر قابو پانا ہوگا، میر عارف محمدحسنی

  • December 28, 2018, 12:18 am
  • National News
  • 80 Views

کوئٹہ (خ ن)صوبائی وزیر خزانہ میر محمد عارف محمد حسنی نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک و قوم کی ترقی میں جہاں تعلیم ، صحت کے شعبوں میں اصلاحات اور مالی مشکلات پر قابو پا نا ضروری ہے وہیں زراعت کے شعبے کو جدید سائنسی خطوط پر استوار کیا جائے تو اس جدید طرز عمل اپنانے سے نہ صرف کسان خوشحال ہوگا بلکہ زرعی پیداوار میں بھی خاطر خواہ اضافہ ممکن ہوگا۔ انہوں نے مزیدکہا کہ محکمہ خزانہ صوبائی محکموں کو درپیش مالی مسائل کے حل کیلئے ضروری اقدامات کر رہا ہے لہذا محکمہ زراعت کو درپیش مالی مسائل کے حل کے لئے بھی فوری اقدامات کیے جائیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک علحیدہ ملاقات میں صوبائی وزیر زراعت زمرک خان اچکزئی اور یہاں اپنے دفتر میں ڈائریکٹر جنرل ایگریکلچر انجینئرنگ جمال کھیتران سے بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کی اہمیت اور افادیت کو مد نظر رکھتے ہوئے صوبائی حکومت اس شعبے کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ یہ شعبہ مستحکم ہو کر صوبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکے۔ اس موقع پر ڈی جی زراعت انجینئرنگ جمال کھیتران نے صوبائی وزیر کو درپیش مالی مشکلات کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعلیٰ ، صوبائی وزراء اور اراکین صوبائی اسمبلی کو فراہم کی گئی بلدوزر گھنٹوں کیلئے مطلوبہ فنڈز ن ہونے کی وجہ سے کاشتکاروں کو اپنے زمینوں پر بلڈوزر گھنٹوں کے حوالے سے سخت مشکلات کا سامنا ہے انہوں نے بتایا کہ اگر مطلوبہ فنڈز فراہم کی جائیں تو محکمہ فوری طور پر بلڈوزر گھنٹوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ان مشینوں میں مرمت کے کام بھی کروائے گا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے زراعت انجینئرنگ کیلئے مطلوبہ فنڈزکی فراہمی کے احکامات جاری کیے انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ صوبے کی زمینداروں کو ریلیف دینے کیلئے فوری اقدامات کرے ۔ دریں اثناء صوبائی وزیر میر محمد عارف محمد حسنی سے 100ڈیمز کے پراجیکٹ ڈائریکٹر عمران درانی اور ایس ڈی او ایری گیشن (نوشکی) مسعودمینگل نے ملاقات کی اس موقع پر انہوں نے صوبائی وزیر کو صوبے میں 100ڈیموں کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ بالا ڈیموں میں سے 64ڈیم مکمل تیار ہو چکے ہیں جبکہ باقی ماندہ ڈیموں کی تکمیل فنڈز کی کمی کے وجہ سے تاخیرکا شکار ہیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے ڈی جی 100ڈیمز کو ضلع چاغی میں ڈیمزکی کمی کی وجہ سے پیش آنے والی صورت حال کے بارے میں بتاتے ہوئے کہاکہ پچھلے پندرہ میں بیس سالوں سے چاغی میں کوئی ڈیم نہیں بن سکاہے انہوں نے اس ضمن میں ہدایت کی کہ ضلع چاغی میں نئی ڈیموں کی تعمیر کے حوالے سے بھجوائی گئی ٹیم کے سروے رپورٹ کی روشنی میں پی سی ون تیار کرے تاکہ وہ اس حوالے سے مرکزی و صوبائی حکومت سمیت دیگر متعلقہ لوگوں سے بات چیت کر کے صوبے کے اس اہم علاقہ میں پانی ضروریات پوری کرنے کیلئے اقدامات کر سکیں۔