آئی ایم ایف کی سخت شرائط پر قرض حاصل کرنے کی کوشش ناقابل فہم ہے،مولانا ہاشمی

  • December 28, 2018, 12:20 am
  • National News
  • 96 Views

کوئٹہ (پ ر)جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کی سخت شرائط پر قرض حاصل کرنے کی کوشش ناقابل فہم ہے، اس سے عوام کے مسائل میں بے پناہ اضافہ ہوگا۔ پہلے ہی نئی حکومت نے مہنگائی میں 30فیصد تک اضافہ کرکے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔کرپشن کا خاتمہ اور عدل وانصاف کی حکومت کے قیام سے عوام کے مسائل حل ہوسکتے ہیں بصورت دیگر بیرونی دباؤسمیت حکومت کی طرف سے صرف وعدے وبے عمل اعلانات ہوتے رہیں گے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے صوبائی دفترمیں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے قرض حاصل کرکے ملک و قوم کبھی ترقی و خوشحالی کے راستے پر گامزن نہیں ہوسکتے۔ دنیا میں ایک مثال بھی ایسی نہیں کہ کسی قوم نے آئی ایم ایف سے قرضہ لیا ہو اور وہ ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل ہوگئی ہو۔موجودہ ملک کودرپیش مسائل سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے کہ ملکی وسائل سے بھر پور انداز میں استفادہ کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ الحمد للہ پاکستان وسائل کی دولت سے مالامال ملک ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکمران سنجیدگی کا مظاہرہ کریں۔تبدیلی لانے اور عوام کی زندگی میں خوشحالی لانے کے حوالے سے جو لوگ الیکشن سے قبل بلند بانگ دعوے کررہے تھے کہ وہ آج عوام میں جانے سے کتراتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1958سے لے کر آج تک پاکستان نے 18بار مجموعی طور پر 53.4 ارب ڈالر آئی ایم ایف سے قرضہ حاصل کیامگراس کے باوجود ملکی معیشت آج بھی جمود کاشکار نظر آتی ہے۔ پاکستانی معیشت پر دباؤ 1300 ارب روپے کے گردشی قرضوں اور ایکسٹرنل اکاؤنٹ خسارے کی وجہ سے ہے۔معاشی بحران دن بدن سنگین ہوتا چلا جارہا ہے۔ حکومت کے پاس اس صورت حال پر قابو پانے اور معاشی بحران سے نکلنے کی کوئی حکمت عملی نہیں۔ عوام میں موجودہ حکمرانوں کی کارکردگی کے حوالے سے مایوسی بڑھ رہی ہے۔حکومت ملک و قوم کی ترقی کے لیے غیر ضروری اخراجات ختم کرکے سادگی اختیارکریں۔ ٹیکس نیٹ ورک میں اصلاحات کرتے ہوئے اس کے دائرہ کار کو بڑھایا جائے اور بڑے مگر مچھوں کے گرد شکنجہ سخت کیا جائے۔بجلی اور ٹیکس چور بااثر مافیاسے پائی پائی وصول کی جائے۔