امن وامان کی صورتحال پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے ،میر ضیا ء لانگو

  • December 28, 2018, 11:31 pm
  • National News
  • 102 Views

کوئٹہ (خ ن )صوبائی وزیر داخلہ، قبائلی امور و پی ڈی ایم اے میر ضیاء اللہ لانگو نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے امن وامان کے قیام میں ہی بلوچستان کے عوام اور صوبہ کی معاشی، معاشرتی اور تعلیمی ترقی کا راز مضمر ہے۔ موجودہ حکومت نے امن و امان کے قیام، معاشی اور تعلیم کے میدان میں ترقی اور صوبہ سے پسماندگی کے خاتمہ کے عزم کے ساتھ ہی حکومت کی بھاگ دوڑ سنبھالی ہے۔ صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کے انتھک کوششوں پاک فوج، پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں سے ہی بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہو پائی ہے ۔ صوبہ میں امن و امان اور بھائی چارہ کی فضا برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم لسانیت، فرقہ واریت اور مذہبی منافرت کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی کرتے ہوئے دہشتگردوں اور ملک دشمن عناصر کے خلاف یکجا ہو کر آواز بلند کریں جو امن کے خواہاں نہیں ہیں ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بلوچستان تزویراتی نقطہ نگاہ سے دنیا کا ایک اہم ترین خطہ ہے اسے معدنی دولت سے مالامال دنیا کا امیر خطہ بھی مانا جاتا ہے۔ قدرتی وسائل کو نکال کر اور میرٹ کی بنیاد پر استعمال میں لا کر صوبہ سے تعلیمی اور معاشی پسماندگی اور احساس محرومی کو دور کیا جا سکتا ہے اسکے لیے پرامن اور پر فضا ماحول کا قیام ضروری ہے تاکہ بلوچستان میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بحال ہو سکے۔ صوبائی وزیر داخلہ و پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ بلوچستان کے خطہ کو اپنے محل وقوع کی اعتبار سے ہر پانچ سے چھ سالوں بعد خشک سالی کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس سے صوبہ میں زراعت اور مال مویشی کے نقصان کی وجہ سے متاثرہ علاقوں میں معاشی بحران کی سی کیفیت پیدا ہوتی ہے ۔ خشک سالی کو روکا تو نہیں جاسکتا لیکن مربوط حکمت عملی کے تحت خشک سالی کے اثرات کو کم کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا حکومت اپنے عوام کو اس مشکل حالات میں تنہا نہیں چھوڑے گی۔ حالیہ خشک سالی کی لہر کی وجہ سے بلوچستان کے 20 اضلاع زیادہ متاثر ہوئے ہیں جن کے امداد اور بحالی کے لئے پی ڈی ایم اے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے جن میں اشیاء خوردونوش اور دیگر اشیاء ضرورت کی فراہمی شامل ہیں ۔ صوبائی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تمام تر توانائیاں قانون کی حکمرانی کی بحالی، امن و امان کے قیام اور خشک سالی سے متاثرہ ضلع کی امداد اور بحالی میں صرف کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ماضی کے نا اہل سیاستدانوں نے ہمارے نوجوانوں کو قلم کی بجائے بندوق کا فلسفہ دیا گمراہ کر کے معاشرے کو بربادی کے دہانے پر لا کھڑا کر دیا گیا انہوں نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام محب وطن اور امن کی خاطر بہت کچھ کرنے کے لئے تیار ہم سمجھتے ہیں کہ بلوچستان کے عوام نے غربت، پسماندگی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے انہوں نے کہا ہے کہ بلوچستان کے شاہراہوں پر پولیس اور لیویز چیک پوسٹوں پر جو بھتہ لئے جا رہے تھے وہ سلسلہ ختم کر دیا اگر پولیس اورلیویز نے عوام کو تنگ کرنے کا سلسلہ ترک نہ کیا گیا تو سخت کا رروائی عمل میں لائی جائے گی نوجوانوں کو تعمیر سوچ کی بجائے ذاتی مفادت کے لئے سیاست کی بھینٹ چڑھایا گیا ہے بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہے سیکورٹی فورسز نے امن کی خاطر بہت بڑی قربانیاں دی ہے موجودہ حکومت امن وامان کی صورتحال پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔