بدین میں لڑکی کی خودکشی، مبینہ بلیک میلر گرفتار

  • May 21, 2019, 1:51 pm
  • Breaking News
  • 272 Views

بدین میں انٹرنیٹ پر مبینہ بلیک میلنگ سے تنگ لڑکی کی خودکشی کے مقدمے میں نامزد مرکزی ملزم سوم کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتاری سے پہلےاپنےبیان میں سوم نے تمام الزامات مسترد کر دیئے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بلیک میلنگ کے مرکزی ملزم سوم چند پرمار میگھواڑ کو حیدرآباد سے گرفتار کیا گیا ہے۔

واقعے کا مقدمہ انیلہ نامی لڑکی کے والد کی مدعیت میں ٹنڈو غلام علی تھانے میں درج کیا گیا تھا۔

متوفیہ انیلہ کے والد کے مطابق 18 مئی کی رات انیلہ نے زہر پی کر خود کشی کی، اسے حیدرآباد لے جایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکی، تاہم اس نے آخری وقت میں ان تینوں ملزمان کے نام بتا دیئے تھے۔

پولیس کے مطابق ایف آئی آر میں سوم چند کو مرکزی ملزم نامزد کیا گیا ہے جس کی گرفتاری کے بعد دیگر 2ملزمان مہیش اور اشوک کو بھی گرفتار کرنے کی کوششیں جا ری ہیں۔

مبینہ مرکزی ملزم سوم چند نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں تمام الزامات مسترد کرتے ہوئے گرفتاری دینے کا اعلان کیا۔

سوم چند کا کہنا تھا کہ انیلہ بات چیت کیا کرتی تھی اور شاید میری شادی سے خوش نہیں تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر بلیک میلنگ سے تنگ آ کر لڑکی کے خودکشی کرنے کا واقعہ سامنے آیا تھا۔

لڑکی کے ورثاء نے انکشاف کیا تھا کہ ان کی بیٹی کی ایک تحریر سے بلیک میلنگ کا پتہ چلا، لڑکی کو ایک نوجوان اور اس کے ساتھی ایڈٹ شدہ تصاویر کے ذریعے بلیک میل کر رہے تھے۔