کراچی: محکمۂ موسمیات کا بحیرۂ عرب میں سائیکلون الرٹ

  • June 10, 2019, 1:51 pm
  • Weather News
  • 581 Views

محکمہ موسمیات کے ٹراپیکل سائیکلون وارننگ سینٹر نے بحیرۂ عرب میں ڈپریشن پر الرٹ جاری کیا ہے۔

کراچی ان دنوں شدید حبس اور گرمی کی لپیٹ میں ہے، ایسے میں بحیرۂ عرب میں ہوا کا کم دباؤ بھی موجود ہے جو ڈیپریشن میں تبدیل ہوچکا ہے، بحیرۂ عرب میں بننے والے سائیکلون سے کراچی میں گرمی بڑھنے کا امکان ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عبدالرشید کے مطابق کل اور پرسوں شہرمیں گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے، آئندہ 2 دن کے دوران پارہ 38 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو سکتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کل اور پرسوں گرمی کی شدت میں اضافہ جون میں پڑنے والی معمول کی گرمی ہے، ہوا میں نمی کا تناسب زائد ہونے کی صورت میں درجۂ حرارت کی شدت زیادہ محسوس کی جائے گی۔


ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عبدالرشید نے یہ بھی کہا کہ سائیکلون بننے کی صورت میں شہر میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے سائیکلون وارننگ سینٹر کے مطابق ڈپریشن کراچی کے جنوب میں 1500 کلو میٹر دور ہے، سسٹم شمال اور شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے۔

سائیکلون وارننگ سینٹر کا مزید کہنا ہے کہ یہ ڈپریشن آئندہ 36 گھنٹوں کے دوران ٹراپیکل سائیکلون میں تبدیل ہو جائے گا، تاہم اس سسٹم سے فی الحال پاکستان کے ساحلی علاقوں کو کوئی خطرہ نہیں۔

سائیکلون وارننگ سینٹر کی جانب سے سندھ کے ماہی گیروں کو گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب بھارتی محکمہ موسمیات نے بحیرۂ عرب میں بننے والے سائیکلون سے بھارتی ساحلی علاقوں میں اگلے دو دنوں میں بارشیں ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

نئی دہلی سمیت بھارت کے مختلف علاقوں میں گرمی کی لہر جاری ہے اور پارہ 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق نئی دہلی میں گزشتہ روز معمول سے زائد درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ آج پارہ47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ذرائع موسمیات کے مطابق اگلے تین دنوں میں مٹی، گرج چمک کے طوفان اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔

بھارتی محکمہ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ بحیرۂ عرب میں بننے والا ہوا کا کم دباؤ اگلے 2 دنوں میں سائیکلون میں تبدیل ہو جائے گا، جس کے باعث کیرالہ سمیت بھارت کی ساحلی ریاستوں میں بارشیں ہوں گی۔