بجٹ سے عوام پر قیامت ٹوٹی

  • June 13, 2019, 4:36 pm
  • Business News
  • 998 Views

بجٹ سے عوام پر قیامت ٹوٹی، کوئی طبقہ سکون کی زندگی نہیں گزار رہا، مریم نواز

ظفروال( ویب ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر و سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان چھپ کر وار کرتے ہیں، آپ ڈرپوک اعظم ہیں اور آپ کی کسی کو ’این آر او‘ دینے کی کوئی حیثیت نہیں جبکہ چند روز میں آپ خود این آر او مانگتے پھریں گے۔اب رونا دھونا نہیں چلے گا۔نیازی کو صرف گو نہیں کہنا بلکہ اب ان کو گھر تک چھوڑ کر آنا ہے۔ بجٹ کے ذریعے عوام پر قیامت ٹوٹی ہے، آج کوئی بھی طبقہ سکون کی زندگی نہیں گزار رہا، پیاز، ڈیزل، ٹماٹر اور چینی مہنگی ہو گئی ہیں۔جس نے ساری عمر دوسروں کی جیبوں کا کھایا ہو اسے کیا پتا عام آدمی کیسے گزارا کرتا ہے، جس نے ساری زندگی محنت نہیں کی اسے کیا پتا محنت کش کے گھر روٹی کیسے بنتی ہے۔ہر چیز مہنگی ہوگئی، چور دروازے سے آنے والوں کو عوام کا کوئی احساس نہیں،ظفر وال میں ن لیگ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد جلسے سے اپنے پہلے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف” ہاں“ کر دیں تو 100این آر او ان کی جھولی میں ہوں گے،جس کا

خطاب بند ہو جائے وہ کسی کو کیا این آر او دے گا، رات خطاب میں نیا پاکستان بننے لگا تھاکہ اچانک آواز بند ہوگئی۔ گرفتاریاں بجٹ جیسی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کیلئے ہیں ۔ پی ٹی آئی کی حکومت کے خلاف جلد دما دم مست قلندر ہوگا۔ ʼ2018 میں نواز شریف کا جیتا ہوا الیکشن چوری کیا گیا، نواز شریف کے دور میں ملک ترقی کر رہا تھا لیکن نواز شریف کو اقامے جیسے مذاق پر وزیراعظم کی کرسی سے ہٹا دیا گیا۔جس دن نواز شریف کو ہٹایا گیا اسی دن ملک کی تباہی شروع ہوئی۔انہوں نے کہا کہ ʼ 9 ماہ کی حکومت نے قرض لینے کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے، ملک میں ریڑھی بان سمیت کوئی خوش نہیں اور کوئی بھی طبقہ سکون کی زندگی نہیں گزار رہا جبکہ غریبوں کے گھر مسمار کیے جارہے ہیں۔نیب کو شہباز شریف، حمزہ شہباز اور شاہد خاقان نظر آتے ہیں وزرا نہیں۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ ʼوزیر اعظم سرکاری خرچ پر گھر والوں کو غیر ملکی دورے کرا رہے ہیں جبکہ 300 کنال کے گھر میں رہنے والا ایک لاکھ روپے ٹیکس دیتا ہے۔ کسی میں اتنی جرات ہے کہ اس اشتہاری کو کٹہرے میں کھڑا کرے، بنی گالہ کا گھر بغیر این او سی کے تعمیر ہوا لیکن کسی میں ہمت ہے کہ وہ گھر کو گرائے؟۔ عمران خان نے کبھی کوئی کاروبار نہیں کیا، کبھی کوئی نوکری نہیں کی، کیا نیب میں اتنی جرات ہے کہ عمران خان پر آمدن سے زائد اثاثوں کا مقدمہ بنائے۔ نواز شریف نا جھکنے کی سزا بھگت رہے ہیں ، پورے ملک کے لئے ایک قانون اور لاڈلے کےلئے دوسرا قانون ہے۔انہوں نے کہا کہ معاف کرائے گئے قرضوں کی تحقیقات صرف گزشتہ 10 برس کی کیوں؟۔نالائق اعظم عوام کو مشکل میں ڈال کر لندن بھاگ جائے گا،اس کے بچے بھی وہی ہیں اور سب کچھ وہی ہیں۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ خان صاحب مہنگائی بڑھنے کے سوال پر جواب دیں گے کہ نواز شریف اور آصف زرداری کو گرفتار کیا۔ علیمہ خان کا واحد ذریعہ معاش سلائی مشین ہے، علیمہ خان نے اقبال جرم کیا اور جرمانہ ادا کیا، نیب مریم نواز کو پکڑ لیتی ہے لیکن اعتراف جرم کرنے والی علیمہ خان کو نہیں پکڑتی۔ الیکشن کمیشن کے پاس عمران خان اورپی ٹی آئی کےخلاف ثبوت موجود ہیں کسی میں اتنی جرات ہے کہ اس اشتہاری کو کٹہرے میں کھڑا کرے۔