پاک بھارت ٹاکرا بھی بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ

  • June 13, 2019, 4:37 pm
  • Sports News
  • 1.08K Views

انگلینڈ میں جاری آئی سی سی ورلڈ کپ میں بارش کی وجہ سے میچز متاثر ہونے کا سلسلہ جاری ہے اور اب ٹورنامنٹ کے سب سے بڑے میچ پاکستان بمقابلہ بھارت میں بھی بارش کا خدشہ ہے۔

پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں اتوار 16جون کو مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ میں مقابلہ کرے گی، اس میچ کو دیکھنے کیلئے دونوں ٹیموں کے شائقین ایک بڑی تعداد میں مانچسٹر پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔

پاک بھارت ٹاکرے کے لئے تمام ٹکٹیں فروخت ہوچکی ہیں اور بلیک مارکیٹ میں ڈیڑھ سو پاؤنڈز والا ٹکٹ دو ہزار پاونڈز تک میں فروخت ہورہا ہے ۔

جہاں مداحوں کو بھرپور ایکشن کی امید ہے، وہاں بارش ان امیدوں پر پانی پھیر سکتی ہے۔

برطانوی محکمہ موسمیات نے اتوار کو بارش کی پیشگوئی کی ہے، صبح دس بجے سے شام سات بجے تک بارش کے چالیس سے پچاس فیصد تک امکانات ہیں۔


مانچسٹر میں بدھ کی شب سے شروع ہونیوالی بارش جمعرات کی صبح بھی جاری رہی۔

دوسری جانب پاکستان ٹیم آج شام ٹاؤنٹن سے مانچسٹر پہنچے گی، کل صبح اگر موسم نے اجازت دی تو دس سے ایک بجے تک پاکستان کرکٹ ٹیم کا پریکٹس سیشن منعقد کیا جائے گا۔