قلعہ عبداللّٰہ، مستونگ میں فائرنگ، 3 افراد جاں بحق، 8 زخمی

  • July 23, 2019, 12:26 pm
  • Breaking News
  • 1.59K Views

بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللّٰہ اور مستونگ میں مختلف واقعات میں ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ لیویز اہلکار سمیت 8 افراد زخمی ہو گئے۔

بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللّٰہ میں 2 گروپوں کے درمیان ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہو گئے، فائرنگ کے واقعے کے بعد کوئٹہ چمن شاہراہ آمد و رفت کے لیے بند ہو گئی۔

لیویز ذرائع کے مطابق میزئی اڈا میں کاکڑ قبیلے کے 2 گروپوں میں پرانی دشمنی پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا، اس دوران راکٹ لانچرز سمیت جدید اسلحے کا آزادانہ استعمال کیا گیا جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہو ئے۔

فائرنگ کےبعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی اور کوئٹہ چمن بین الاقوامی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی معطل ہو گئی۔

ادھر بلوچستان ہی کے ضلع مستونگ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے لیویز اہلکار زخمی ہو گیا۔

پولیس کے مطابق مستونگ میں لیویز اہلکار قدرت اللّٰہ اپنی ڈیوٹی ختم کر کے واپس گھر کی جانب جا رہا تھا کہ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے اس پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا جبکہ ملزمان فرار ہو گئے۔

زخمی لیویز اہلکار کو طبی امداد کے لیے فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اب اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

کوئٹہ کے علاقے سمنگلی روڈ پر پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں 2 موٹر سائیکل سوار زخمی ہو گئے جنہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، جس کے بعد ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔