الیکشن کمیشن نے قاسم سوری کو ڈی نوٹیفائی کر دیا

  • October 2, 2019, 11:47 am
  • Breaking News
  • 707 Views

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کو ڈی نوٹیفائی کر دیا۔

قاسم خان سوری کو الیکشن کمیشن کی جانب سے الیکشن ٹریبونل بلوچستان کے فیصلے کی روشی میں ڈی نوٹیفائی کیا گیا ہے۔

این اے 265 کوئٹہ پر لشکری رئیسانی نے قاسم سوری کے خلاف درخواست دائر کی تھی، جس پر فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن ٹریبونل نے قاسم سوری کا این اے کوئٹہ 2 سے انتخاب کالعدم قرار دیا تھا جبکہ اس حلقے میں دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم بھی دیا تھا۔

دوسری جانب قاسم سوری نے گزشتہ روز الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

قاسم سوری کی جانب سے ایڈووکیٹ نعیم بخاری نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن ٹریبونل نے شواہد کا جائزہ نہیں لیا، انتخابی عمل میں بےضابطگیاں میرے مؤکل سے منسوب نہیں ہوسکتیں۔

انہوں نے درخواست میں عدالت سے استدعا کی کہ الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

واضح رہے کہ الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس عبداللّٰہ بلوچ نے قاسم سوری کے خلاف بلوچستان نیشنل پارٹی کے نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی کی جانب سے دائر درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے حلقے میں دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم دیا تھا۔

الیکشن ٹربیونل میں اس کیس کی سماعت ایک سال سے زائد عرصے تک جاری رہی جبکہ کیس میں نادرا نے ووٹوں کی بائیو میٹرک رپورٹ بھی ٹربیونل میں جمع کرائی تھی۔