ماہرہ خان مہاجرین کی خیرسگالی سفیر مقرر

  • November 7, 2019, 1:02 pm
  • Entertainment News
  • 101 Views

ماہرہ خان مہاجرین کی خیرسگالی سفیر مقرر

پاکستان کی نامور اداکارہ ماہرہ خان کو اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے مہاجرین کی خیرسگالی سفیر مقرر کردیا گیا ہے۔


سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اقوام متحدہ کے ادارے برائے مہاجرین نےماہرہ خان کی ایک ویڈیو اپلوڈ کی ہے جس میں وہ اقوام متحدہ کا کیپ لگائے مہاجرین بچوں کے ساتھ وقت گزار رہی ہیں۔

اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’انہیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ماہرہ خان ہماری نئی خیر سگالی سفیر ہیں۔




ماہرہ نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اس ٹوئٹ کو ریٹوئٹ کیا اور لکھا کہ ’مہاجرین کی خیرسگالی سفیر بننا میرے لیے ایک بڑے اعزاز کی بات ہے، مجھے اپنی اس دھرتی ماں پر پیدا ہونے پر فخر ہے جس نے 40 سالوں سے مہاجرین کے لیے اپنی باہیں پھیلائی ہوئی ہیں۔



اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے مہاجرین کی جانب سے ملک کی خیر سگالی سفیر ماہرہ خان کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں ماہرہ کو باضابطہ طور پر خیرسگالی سفیر نامزد کرنے کا اعلان کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ماہرہ خان نے کہا کہ میں خوش قسمت ہوں کہ اس نیک مقصد کے لیے مجھے منتخب کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ میں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کی شکر گزار ہوں کہ جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا، اللّہ نے مجھے اس مقصد کیلئے چنا جس پر میں پوری اترنے کی کوشش کروں گی۔
ماہرہ خان نے کہا کہ پاکستانی عوام نے افغان مہاجرین کو کھلے دل سے خوش آمدید کہا، یہی وجہ ہے کہ پاکستان 4 دہائیوں سے 40 لاکھ افغان مہاجرین کی مدد کر رہا ہے۔


ماہرہ کا کہنا تھا کہ ماضی میں مہاجرین کے مسائل کو اتنی اہمیت نہیں دی گئی لیکن یہ بات بھی اہم ہے کہ مہاجرین کا مسئلہ کسی ایک ملک کا نہیں بلکہ پوری دنیا کا ہے۔