فیس بک صارفین سَر ہلائیں، اپنی شناخت کروائیں

  • November 7, 2019, 1:43 pm
  • Science & Technology News
  • 82 Views

سماجی رابطے کی مقبول ترین ویب سائٹ فیس بک کی انتظامیہ کی جانب سے صارفین کی پرائیوسی، ان کے اکاؤنٹس کو محفوظ بنانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

اس پلیٹ فارم پر جعلی اکاؤنٹس اور مختلف طریقوں سے ہراسانی کے خلاف شکایات کے بعد ایسے فیچرز متعارف کروائے جارہے ہیں جن کی مدد سے حقیقی اور جعلی اکائونٹس میں تمیز کی جاسکتی ہے۔ اب فیس بک ایسا فیچر متعارف کروانے کا ارادہ رکھتی ہے جس سے صارف کے جعلی یا بوٹ ہونے کا علم ہو سکے گا۔

اس فیچر کے ذریعے کسی صارف سے ویڈیو سیلفی طلب کی جائے گی اوراسے ایک پیغام موصول ہوگا کہ اپنے چہرے کی ایسی مختصر ویڈیو بھیجے جس میں وہ اپنے سر کو دائیں بائیں جانب حرکت دے رہا ہو۔





فیس بک کے ترجمان کے مطابق اس فیچر کی مدد سے ہم اپنے حقیقی صارف کو شناخت کرسکیں گے۔ تاہم یہ فیچر کسی صارف کا چہرے کی نشان دہی کے لیے نہیں بلکہ اس کی موجودگی اور دی گئی ہدایات کے مطابق اس کے حرکت کرنے کو شناخت کرے گا۔

ترجمان کے مطابق یہ فیچر کسی صارف یا پروفائل کے جعلی ہونے کی شکایت پر شارٹ ویڈیو سیلفی کے لیے استعمال ہوگا۔

فیس بک کی جانب سے کب اس فیچر کا استعمال کیا جائے گا ابھی اس بارے میں کوئی بات سامنے نہیں آئی ہے۔