دوران پرواز مسافر کی روح پرواز کر گئی

  • November 7, 2019, 1:48 pm
  • National News
  • 104 Views

سیالکوٹ: لندن سے سیالکوٹ آنے والی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی بین الاقوامی پرواز میں مسافر دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 778 لندن سے سیالکوٹ آرہی تھی کہ اس دوران مسافر کو دل کی شدید تکلیف ہوئی اور وہ حرکت قلب بند ہونے سے دم توڑ گیا۔

سیالکوٹ ایئرپورٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ مسافر خالد پرویز پاکستانی نژاد برطانوی شہری ہے جو لندن سے سیالکوٹ آنے والی پی آئی اے کی پرواز میں سوار تھا، خالد پرویز کو دوران پرواز دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔

حکام نے میت کو ضابطے کی ضروری کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کردیا اور اہل خانہ میت لے کر آبائی شہر جہلم روانہ ہوگئے۔

واضح رہے کہ عمومی طور پر دوران پرواز مسافر کی طبیعت بگڑنے یا پھر کسی بھی ناگہانی کی صورت میں طیارے کو قریب ترین ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرائی جاتی ہے تاکہ انسانی جانوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔

ماضی میں بھی ایسے واقعات سامنے آئے ہیں جس میں دوران پرواز مسافر کی حالت بگڑنے پر طیارے کو فوری طور پر ایمرجنسی لینڈنگ کروا کے متاثرہ شخص کو طبی امداد دی گئی۔