پاکستان جذبہ خیرسگالی کے تحت سکھ یاتریوں کو مراعات دے رہا ہے: ترجمان دفترخارجہ

  • November 7, 2019, 2:46 pm
  • National News
  • 105 Views

اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ سکھ یاتریوں کے لیے پاکستان نےجذبہ خیرسگالی کے طور پر مراعات کا اعلان کیا، کرتارپورراہداری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے پاکستان نے نوجوت سنگھ سدھو کو ویزا جاری کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ سکھ برادری کو دیے گئے ان تمام مراعات کے حوالے سے بھارتی حکومت کو آگاہ کر دیا ہے، کرتارپور راہداری آنے والے یاتری اسی دن واپس جائیں گے، مذہبی سیاحت پر موجودہ حکومت کی خاص توجہ ہے۔

ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ مذہبی سیاحت سے دوسری سیاحت کو بھی فائدہ پہنچے گا، مستقبل میں اس حوالے سے بہت سے اقدامات کئے جائیں گے، کرتارپورراہداری سے متعلق کسی قسم کی منفی سوچ نہیں چاہتے، پاکستان میں اقلیتی برادری آزادی سے اپنے مذہبی رسومات ادا کرتے ہیں۔

افغانستان میں پاکستانی سفارتکاروں کے ساتھ ناروا سلوک کے حوالے سے ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ کابل میں پاکستانی سفارت کاروں کو ہراساں کیا جارہا ہے، افغان حکومت سے کہا ہے سفارت کاروں کی سیکیورٹی یقینی بنائی جائے، سفارتکاروں کی گاڑیوں کو سڑکوں پر روک کر ہراساں کیا جاتا ہے۔

مسئلہ کشمیر پر پاکستان نے کہا کہ یواین قراردادوں کے مطابق پاکستان کا کشمیر پر مؤقف واضح ہے، کشمیر کا مسئلہ یواین قراردادوں کے مطابق حل ہوناچاہئے، چاہتے ہیں مقبوضہ کشمیر، پانی اور سیاچن کا مسئلہ حل ہو، ہم بات چیت کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔

ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت مسائل کے حل کے لیے بات چیت کو تیار ہی نہیں، وزیراعظم نے بھی گزشتہ سال14نومبر کو کہا آئیں بات کریں، لیکن بھارت نے بات چیت سے انکار کردیا۔

ڈاکٹر فیصل نے مزید کہا کہ ایران کے معاملے پر مفاہمت کا عمل جاری ہے، ایران کے معاملے پر مثبت نتائج ملنے کی امید ہے، بارسلونا میں 2پاکستانی گروپس کا جھگڑا ہوا ہے، جھگڑے کے دوران کچھ لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں، معاملے کا جائزہ لے رہے ہیں۔