جمائما کو جے یو آئی رہنما پر طنز مہنگا پڑگیا

  • November 7, 2019, 8:41 pm
  • Political News
  • 305 Views

وزیر اعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ کو جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنما مفتی کفایت اللّٰہ پر طنز کرنا مہنگا پڑگیا۔

مفتی کفایت اللّٰہ کے عمران خان اور جمائما پر الزام اور وکی لیکس کے بانی سے متعلق لاعلمی پر جمائما گولڈ اسمتھ نے رہنما جے یو آئی پر طنز کے تیر چلا دیئے۔

جس کے جواب میں سوشل میڈیا پر کچھ صارفین نے جمائما کو عمران خان کے ماضی کے کچھ بیانات یاد دلائے۔

مفتی کفایت اللّٰہ نے ایک پروگرام میں وکی لیکس کو بار بار وکی یا لیکس جاری کرنے والا کردار کہہ کر مخاطب کیا تھا۔

جس پر جمائما نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ بقول ایک عالم جمائما کا ایک کزن وکی ہے جس نے وکی لیکس جاری کیں، وہ صیہونیوں کا ایجنٹ ہے اور ان کا ایجنڈا پورا کرنے کےلیے عمران خان کی مدد کررہا ہے۔

ایک اور ٹویٹ میں جمائما نے کہا کہ دیکھتے ہیں کب اُنہیں میرے دوسرے کزنز پاناما لیکس اور وکی پیڈیا کے بارے میں پتا چلتا ہے۔

جمائما کی ٹوئٹ پر دیگر صارفین بھی میدان میں کود پڑےاور انہیں خوب آڑے ہاتھوں لیا۔

ایک صارف نے لکھا کہ اگر آکسفورڈ یونیورسٹی سے تعلیم یافتہ عمران خان جرمنی اور جاپان کی سرحدیں ملا سکتے ہیں تو ایک مذہبی رہنما کے ایک وکی کو کوئی اور وکی سمجھنے پر رائے دینا ٹھیک نہیں ۔