آصف زرداری، خورشید شاہ، خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری

  • November 7, 2019, 8:46 pm
  • Political News
  • 102 Views

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے آصف زرداری، خورشید شاہ اور خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کردئیے۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اراکین اسمبلی آصف زرداری، خورشید شاہ اور خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کردئیے ہیں، تینوں رہنماؤں کے پروڈکشن آرڈر قومی اسمبلی کے رواں اجلاس کے لیے جاری کیے گئے ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے تینوں اراکین اسمبلی کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں لانے کی ہدایت کردی۔

واضح رہے کہ خورشید شاہ آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں نیب حراست میں ہیں جبکہ خواجہ سعد رفیق آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل میں گرفتار ہیں۔

قبل ازیں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مطالبات کے باوجود آصف زرداری تک طبی ماہرین کو رسائی نہیں دی جارہی ہے، آصف زرداری کی صحت کی تشویشناک حالت کو چھپایا جارہا ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آصف زراری کو جان بوجھ کر جیل میں علاج کی سہولت سے دور رکھا گیا ہے، اہلخانہ کو نہیں بتایا جارہا کہ آصف زرداری کس تکلیف سے گزر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کی صحت کے حوالے سے پورا خاندان پریشان ہے ان کو کچھ ہوا تو ذمہ دار حکومت ہوگی۔