اپوزیشن اراکین ہوش کے ناخن لے کر قانون سازی میں حصہ لیں، فردوس عاشق اعوان

  • November 7, 2019, 8:48 pm
  • National News
  • 75 Views

اسلام آباد : معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن ہوش کے ناخن لے، لعن طعن کرنے کے بجائے قانون سازی میں حصہ لے۔

یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی بل قومی اسمبلی میں منظور کیا گیا، اپوزیشن ماتم کرکے گئی ہے اسے ہوش کے ناخن لینا چاہیے، نظام کو بدلنے کیلئے قوانین کو تبدیل کریں گے،اپوزیشن لعن طعن کے بجائے قانون سازی میں حصہ لے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کا کام عوام کے حقوق کا تحفظ ہے، اپوزیشن جماعتیں پارلیمان میں بیٹھ کر اپنا مثبت کردارادا کرے، نظام کو دور جدید کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے، عوام نے تبدیلی سرکار کو گلےسڑے نظام کے لئے نہیں بلکہ تبدیلی کیلئے ووٹ دیا ہے، قوانین بدلیں گے تو عوام کو تبدیلی نظر آئے گی، ارکان قومی اسمبلی کو حلقوں کے لئےفنڈزکی فراہمی ایک احسن قدم ہے،حکومت معاشی محاذ اور آئینی ادارے عدالتی اور سیاسی ریفارمزپر کام کررہے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نےاسٹیٹس کو کو چیلنج کیا ہے، اپوزیشن عوامی مفاد میں کی جانے والی قانون سازی میں حکومت کا ساتھ دے۔

وزیراعظم عمران خان پارلیمنٹ کوبااختیار، فعال اور کام کرتا ہوا دیکھناچاہتے ہیں، وزیراعظم چاہتے ہیں کہ ایم این اے قانون سازی میں کلیدی کردار ادا کریں۔

آزادی مارچ سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن مذہبی کارڈ استعمال کرنے سے پرہیز کریں، مولانا کریز سے باہر نکل کر چھکے لگانے کی کوشش نہ کریں ہر فُل ٹاس پر چھکا نہیں لگتا۔