دھرنے کا معاملہ افہام و تفہیم سے حل ہو جائے گا، وزیراعظم

  • November 7, 2019, 8:50 pm
  • Political News
  • 75 Views

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دھرنے کا معاملہ افہام و تفہیم سے حل ہو جائے گا۔

پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔ جس میں معاون صحت ظفر مرزا نے میڈیکل بل 2019 پر بریفنگ دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی رکن ڈاکٹر رمیشن کمار نے میڈیکل بل کی بعض شقوں پر اعتراض کیا، انہوں نے کہا کہ قانون سازی سے متعلق ارکان پارلیمنٹ کی رائے کو اہمیت دینی چاہیے، میں بھی ڈاکٹر ہوں مجھ سے بھی مشورہ کر لیتے، جس پر وزیر اعظم نے ڈاکٹر رمیش کمار کو جھاڑ دیا۔ وزیراعظم نے رمیش کمار کو ہدایت کی کہ وہ اپنی نشست پر بیٹھیں اور بریفنگ سنیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ میڈیکل کے شعبے کو دکانداری بنا دیا گیا ہے، یہ لوگ انسانی جانوں سے کھیل رہے ہیں، یہ لوگ اپنے میڈیکل کالج چلا رہے ہیں اور بورڈ کے ممبران بھی ہیں، میڈیکل کے شعبے میں اصلاحات لا کر ان کا قبلہ درست کرنا ہے۔

اجلاس کے دوران پی ٹی آئی کے ارکان کی جانب سے آزادی مارچ سے متعلق اپنے تحفظات کا اظہار کیا جس پر فکر نہ کریں۔ دھرنے کا معاملہ افہام و تفہیم سے حل ہو جائے گا، مہنگائی کے خلاف میرا ساتھ دیں، ذخیرہ اندوزوں نے ملک میں مصنوعی مہنگائی کی ہوئی ہے۔

کراچی سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی کی جانب سے وزیراعظم کے سامنے کراچی کے مسائل کا ذکر کیا گیا تو وزیراعظم نے کہا کہ کراچی کے حالات بدتر ہو چکے، سندھ حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔