دوہزار بائیس میں پہلا پاکستانی خلاء میں بھیجیں گے،فواد چوہدری

  • November 7, 2019, 9:31 pm
  • Science & Technology News
  • 281 Views

اسلام آباد :وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ 2022 میں پہلا پاکستانی خلا میں بھیجیں گے، فروری 2020ء سے باقاعدہ ٹرائل کا آ غا ز ہوگا، پہلا خلائی مشن چین کی مدد سے خلاء میں جائے گا۔

جمعرات کو وفاقی وزیر فواد چوہدری نے یہاں ”لفٹ پاکستان ”کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 1952ء میں ہم نے ویسٹ پاکستان لیبارٹریز بنائی جبکہ1962 میں ہم نے اپنا خلائی پروگرام شروع کیا تھا لیکن آج ہم 2022ء میں پہلا خلائی مشن بھیجنے کی بات کرتے ہیں تو لوگوں کو حیرت ہوتی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ہم 2022ء میں پہلا پاکستانی خلا میں بھیجیں گے، اس مقصد کیلئے فروری 2020ء سے ٹرائل کا آغاز ہوجائے گا جبکہ ٹرائل ہماری ائیر فورس کرے گی،2022ء میں چین کی مدد سے ہم پہلا خلائی مشن خلاء میں بھیج رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے اس سال سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے بجٹ میں 600 فیصد اضافہ کیا ہے، تمام تر مشکلات کے باوجود پاکستان ایشیا میں واحد ملک ہے جو ترقی کرے گا، ہمارے ملک کے نوجوان ہمارا مستقبل ہے۔آج پاکستان دنیا میں تیسرا بڑا سافٹ ویئر کا فری لانس ملک ہے، پاکستانی انتہائی باصلاحیت ہیں،جاپان میں لیتھیم بیڑی پر ایک پاکستانی کام کر رہا ہے، جہاں جہاں پاکستانیوں کو اپنی صلاحیت دکھانے کا موقع ملا ہے ہم نے دکھائی ہیں۔