دھرنے کے شرکاء کو ٹینٹ دینے پر دکانداروں کو تنبیہ

  • November 7, 2019, 9:33 pm
  • Political News
  • 118 Views

جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ اسلام آباد انتظامیہ نے آزادی مارچ کے شرکاء کو ٹینٹ فراہم کرنے والے دکانداروں کو نوٹس جاری کیے ہیں۔

کشمیر ہائی وے پر مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے راشد محمود سومرو نے کہا کہ ایک طرف وزیراعظم انتظامیہ کو بارش کے دوران تعاون کی ہدایت کر رہے ہیں تو دوسری طرف انتظامیہ دکانداروں کو ڈرا دھمکا رہی ہے۔ یہ دوغلی پالیسی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز بارش کے دوران مارچ کے شرکاء نے ٹینٹ خریدے، بعض کارکنان مساجد میں چلے گئے اور کچھ نے ہوٹلوں کا رخ کیا۔ اس کے بعد انتظامیہ نے مساجد کمیٹیوں، ہوٹلز مالکان اور دکانداروں کو تنبیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ مارچ کے شرکاء کو جگہ نہ دی جائے۔

وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں نے یہ اندازہ لگانے کیلئے کہ بارش اور بدلتے موسم کے حوالے سے شرکاء کو کیا امداد فراہم کی جاسکتی ہے، چیئرمین سی ڈی اے کو فوری طور پر دھرنے کے مقام پر جانے کا حکم دیا ہے۔‘

وزیراعظم کے حکم کے باجود انتظامیہ میں سے کسی نے آزادی مارچ کے پنڈال کا دورہ نہیں کیا جبکہ جمعیت علمائے اسلام کے جنرل سیکریٹری عبدالغفور حیدری نے حکومتی امداد مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہم صرف استعفیٰ لیں گے، امداد نہیں۔

یاد رہے کہ مارچ شروع ہونے سے قبل بھی اسلام آباد انتظامیہ نے پولیس کے ذریعے ہوٹل مالکان، کیٹرنگ سروسز، دکانداروں اور دیگر تمام متعلقہ شعبوں کو سختی سے ہدایت کی تھی کہ آزادی مارچ کے شرکا کو کسی قسم کی خدمات فراہم نہ کی جائیں۔