سیاست چلتی رہے گی، والدین دوبارہ نہیں ملتے،مریم

  • November 8, 2019, 2:03 pm
  • Political News
  • 114 Views

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے والد کی طبیعت سے متعلق تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کی صحت بہت خراب ہے، ان کے پلیٹ لیٹس ادویات سے بھی بہتر نہیں ہو رہے۔

چویدری شوگر مل کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے مختصر گفت گو میں مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ یہ بڑا مشکل ہے کہ نواز شریف علاج کے لیے باہر جائیں اور میں ان کے ساتھ نہ جاؤں۔ میاں صاحب کی طبیعت کافی ناساز ہے۔

صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ میاں نواز شریف علاج کیلئے کب باہر جا رہے ہیں؟ جس پر مریم نواز نے جواب دیا کہ میاں صاحب کو علاج کے لیے فوری باہر جانا چاہیئے۔



ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نام نکالنے سے متعلق درخواست پر رہنما ن لیگ نے کہا کہ مجھے نہیں پتا، گھر جا کر دیکھوں گی، شہباز شریف اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔ میں ابھی فوری سفر نہیں کر سکتی کیونکہ میرا پاسپورٹ عدالت کے پاس ہے۔



انہوں نے مزید کہا کہ مجھے نواز شریف کی صحت سے متعلق بڑی فکر رہتی ہے، انہیں ملازمین اور نرسوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتی، 24 گھنٹے ان کے ساتھ ہوتی ہوں اور ان کے معاملات کو خود دیکھ رہی ہوں۔ پاکستان میں دستیاب ہر ممکن علاج کیا گیا لیکن اس کے باوجود ان کی بیماری کی تشخیص نہیں ہو رہی اور ان کے پلیٹیلیٹس پھر 20 ہزار تک پہنچ گئے ہیں۔



مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ دنیا میں جہاں بھی ممکن ہو نواز شریف کو علاج کے لیے جانا چاہیے، بڑا مشکل ہے کہ میاں صاحب علاج کے لیے باہر چلے جائیں اور میں نہ جا سکوں۔ ڈیل کی باتیں کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے، حکومت کی جانب سے بنائے گئے میڈیکل بورڈ نے خود کہا کہ میاں صاحب کو علاج کے لیے باہر جانے کی ضرورت ہے