نواز شریف پیر کی صبح لندن روانہ ہوں گے، ذرائع

  • November 9, 2019, 10:16 pm
  • Political News
  • 120 Views

لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف پیر کی صبح علاج کے لیے لندن روانہ ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف پیر کی صبح 9 بجکر 5 منٹ پر لندن کے لیے روانہ ہوں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف قطر ایئرویز کی پرواز کیو آر 629 سے لندن کے لیے روانہ ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف، شہباز شریف اور ڈاکٹر عدنان کی ٹکٹ بھی بک کرلی گئی ہیں، بک کی گئی ٹکٹ پر واپسی کی تاریخ 27 نومبر درج ہے۔

سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی ایئرایمبولینس کے بجائے کمرشل طیارے سے لندن روانگی کی تیاری کرلی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لندن اور پاکستان میں ڈاکٹرز سے نوازشریف کی طبیعت کے حوالے سے مشاورت کرلی گئی ہے جبکہ لندن میں حسین نواز اور اسحاق ڈار نے انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔

واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا تھا، ذرائع کا کہنا تھا کہ نوازشریف کا نام 48سے 72گھنٹوں میں ای سی ایل سے نکال دیا جائے گا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف نے نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے درخواست دی تھی، درخواست نواز شریف کی فیملی کی جانب سے بیماری اور بیرون ملک علاج کرانے کی بنیاد پر دی گئی تھی ، درخواست میں کہا گیا تھا کہ نوازشریف بیرون ملک علاج کے لئے جانا چاہتے ہیں۔

یاد رہے کہ نواز شریف کو عدالت کی جانب سے 8 ہفتوں کے لیے طبی بنیادوں پر ضمانت پررہا کیا گیا ہے۔