ایم کیوایم لندن کا مفرور دہشت گرد جنوبی افریقہ میں مارا گیا

  • November 11, 2019, 11:47 am
  • National News
  • 81 Views

کراچی : ایم کیوایم لندن کا مفرور دہشت گرد جنوبی افریقہ میں مارا گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ قمرٹیڈی دہشت گردی ، اقدام قتل، اور دیگر سنگین جرائم میں پولیس کو مطلوب تھا، قمرٹیڈی کا شمار بانی ایم کیو ایم کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم لندن کا مفرور دہشت گرد جنوبی افریقہ میں قاتلانہ حملے میں ہلاک ہوگیا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ قمر ٹیڈی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں اس کو چار سے پانچ گولیاں لگیں، جو جان لیوا ثابت ہوئیں۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ قمر ٹیڈی کراچی میں دہشت گرد کارروائیوں کا ماسٹر مائنڈ تھا اور اقدام قتل، اور دیگر سنگین جرائم میں پولیس کو مطلوب تھا جبکہ قمر ٹیڈی بانی ایم کیوایم کا قریبی ساتھی شمار کیا جاتا تھا۔

یاد رہے گذشتہ ماہ بانی ایم کیو ایم کو نفرت انگیز تقریر اور تشدد پر اکسانے کے الزام میں فرد جرم عائد کرکے گرفتار کرلیا گیا تھا، بانی ایم کیوایم کو ٹیررازم ایکٹ کے تحت چارج کیا گیا، بعد ازاں برطانوی عدالت میں بانی ایم کیو ایم کی سخت شرائط کے ساتھ ضمانت منظور کرلی گئی تھی۔

عدالت کا کہنا تھا کہ بانی ایم کیو ایم پر رات 12 سے صبح 9 بجے تک پابندی رہے گی، ان پر سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی ہوگی، بانی ایم کیو ایم سوشل میڈیا کے کسی بھی پلیٹ فارم پر تحریر و تقریر کی پابندی عائد ہوگی۔

واضح رہے 16 ستمبر 2010 میں ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر عمران فاروق لندن میں اپنے دفتر سے گھر جارہے تھے کہ گرین لین کے قریب واقع ان کے گھر کے باہر چاقو اور اینٹوں سے حملہ کرکے ان کو قتل کردیا گیا تھا، حملے کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے تھے۔