آصف علی زرداری کی طبیعت سنبھل نہ سکی، اسپتال ذرائع

  • November 11, 2019, 4:09 pm
  • Political News
  • 79 Views

اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری کی طبیعت سنبھل نہ سکی، سابق صدر کے لیے نجی میڈیکل بورڈ کے قیام کا فیصلہ تاحال نہ ہوسکا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پمز کے میڈیکل بورڈ نے سابق صدرآصف علی زرداری کا طبی معائنہ کیا، ان کے بلڈ پریشر، شوگر لیول میں بدستور اتار چڑھاؤ ہے، شوگر کنٹرول کرنے کے لیے انسولین کی مقدار بڑھا دی گئی ہے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے ڈاکٹرز کو گردن، کمرمیں شدید تکلیف، اعصابی دباؤ، کپکپاہٹ اور جسمانی کمزوری کی شکایت کی۔ ذرائع کے مطابق نیند کی کمی کے باعث سابق صدر اعصابی دباؤ کا شکار ہیں۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق صدر کو اعصابی دباؤ میں کمی کے لیے سکون کی دواؤں کے استعمال پرغور کیا جا رہا ہے، میڈیکل بورڈ نے گردن اور کمر کے مہروں کے تفصیلی معائنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق میڈیکل بورڈ نے سابق صدر کا ایم آر آئی ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے، آصف زرداری کی سروائیکل ولمبر اسپائن ایم آر آئی کی جائےگی، ان کی فزیو تھراپی، معمول کے ٹیسٹ جاری ہیں۔

دوسری جانب پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ 2 اکتوبرکو ڈاکٹرز نے آصف زرداری کو اسپتال شفٹ کرنے کی تجویز دی، 22 اکتوبرتک انہیں کوئی میڈیکل سہولت نہیں دی گئی، 22 اکتوبرکے بعد عدالتی حکم پر آصف زرداری کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم بار بار حکومت کو یاد دہانی کرا رہے ہیں مگرتوجہ نہیں دی جا رہی، کل وزارت خارجہ نے کہا کہ رپورٹ متعلقہ فارم پر بھیجی جائے،ہمیں کسی کی ہمدردی کی ضرورت نہیں ہے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ آصف زرداری کو ذاتی معالج تک رسائی دی جائے۔