تمام اپوزیشن پارٹیوں سے مشاورت کررہے ہیں، مولانا فضل الرحمان

  • November 11, 2019, 11:02 pm
  • Breaking News
  • 133 Views

اسلام آباد: جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ آئین سے دور جائیں گے تو تصادم ہوگا، ہم تمام اپوزیشن پارٹیوں سے مشاورت کررہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آزادی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی آج پاکستان پر یقین کرنے کو تیار نہیں ہے، ہم نے سالانہ اربوں روپے کھودئیے ہیں، حکومت نے پاکستان کو آئی ایم ایف کا غلام بنادیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کہاں گئی وہ خود داری جس کا پرچم بلند رکھنے کا وعدہ کیا تھا، ہر ایک کو اپنے مقام پر کردار ادا کرنا چاہئے، آزادی مارچ کا سفر جاری رہے گا۔


مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آزادی مارچ میں ملک کے کونے کونے سے لوگ آئے ہیں، عوام میں اتنی طاقت ہے کہ یہودیوں کے ایجنٹ کو شکست دے۔

جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے کہا کہ یہ ملک کسی کی جاگیر نہیں ہے، اس ملک میں غریب کی جنگ ہم نے لڑنی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں آزادی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ دھرنے کو ایک عشرہ مکمل ہو گیا ہے جس پر کارکنان کے جذبے اور استقامت کو سلام پیش کرتا ہوں، ہم نے باطل کے خلاف جہاد کا علم بلند کیا ہوا ہے۔

خیال رہے کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی اور اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے درمیان رابطوں کا سلسلہ جاری ہے، تاہم ابھی تک جے یو آئی ف کا دھرنا ختم کرنے کے سلسلے میں پیش رفت نہیں ہو سکی ہے۔