کوئٹہ کے نواح میں نیا شہر آباد کرنے کا منصوبہ

  • November 12, 2019, 8:42 pm
  • National News
  • 817 Views

کوئٹہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی شہر کے نواح میں نیا شہر آباد کرنے کا منصوبہ بنارہی ہے۔ چیئرپرسن کیو ڈی اے بشریٰ رند کہتی ہیں کہ ماسٹر پلان کے تحت صوبائی دارالحکومت کے نواح میں نیا شہر آباد کرینگے، جبکہ صوبہ بھر میں 30 ٹاؤن بھی بنائے جائیں گے۔

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرپرسن کوئٹہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی بشریٰ رند نے بتایا کہ کراچی ٹرمینل کو ہزار گنجی منتقل کیا گیا ہے، جس سے ٹریفک کے مسائل میں کمی آئے گی، شہر کے تمام ڈیری فارمز، اسکریپ گوداموں کو بھی شہر سے باہر منتقل کررہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ماضی کے برعکس موجودہ حکومت نے زرغون ہاؤسنگ اسکیم کو کامیاب بنایا، اپنا گھر اسکیم بھی موجودہ حکومت کا بڑا اقدام ہے۔

بشریٰ رند نے آئندہ کے منصوبوں سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ماسٹر پلان کے تحت کوئٹہ کے نواح میں نیا شہر آباد کریں گے جبکہ بلوچستان بھر میں 30 ٹاؤنز کے ماسٹر پلان بھی بنائے جائیں گے، صوبے کے مختلف اضلاع میں 4 سے 6 ٹاؤن میں ماسٹر پلان کا آغاز جلد کردیا جائے گا۔

اس موقع پر ڈی جی کوئٹہ ڈیولیپمنٹ اتھارٹی صلاح الدین نورزئی نے بتایا کہ التواء کے شکار منصوبوں کو پرائیویٹائز کیا گیا ہے، نیا کراچی کوئٹہ بس ٹرمینشل 35 ایکڑ پر مشتمل ہوگا، جہاں کوچز مالکان، عوام کو مکمل سہولیات مہیا ہوں گی۔

انہوں نے بتایا کہ ڈیری فارمز کی شہر سے منتقلی کیلئے 5 سال کی اقساط پر زمین فراہم کی جائے گی، سرکی روڈ پر 7 ایکڑ زمین پر قائم تجاوزات کو ختم کیا گیا ہے۔