حفیظ شیخ کیلئے عامر لیاقت کی زبردست پیشکش

  • November 12, 2019, 8:44 pm
  • National News
  • 114 Views

ٹی وی میزبان اورمذہبی اسکالرعامرلیاقت حسین نے ٹماٹروں کی حیرت انگیزقیمت پرمشیرخزانہ سے ایک ٹرک دلوانے کی اپیل کرتے ہوئے منافع میں حصے داری کی پیشکش کرڈالی۔

ملک بھرمیں ٹماٹروں کی قیمت کو پرلگے ہیں لیکن وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے گزشتہ روز میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں دعویٰ کیا کہ سبزی منڈی میں ٹماٹر صرف اور صرف 17 روپے کلو میں دستیاب ہیں۔

صحافیوں کی جانب سے اس قدر ڈسکاؤنٹ والی سبزی منڈی کا محل وقوع جاننے کی بھرپور کوشش کی گئی لیکن مشیر خزانہ کا علم صرف قیمت تک ہی محدود تھا۔

ایسے میں عامر لیاقت حسین نے نادیدہ بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے کی ٹھان لی۔ انہوں نے حفیظ شیخ سے اس قیمت پر ٹماٹرکا ایک ٹرک دلوانے کی اپیل کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ یہ ٹماٹر خود بیچیں گے۔






یہی نہیں، طنزیہ یا فکاہیہ ٹویٹ میں مشیر خزانہ کو منافع بھی آدھا آدھا کرنے کی پیشکش کی گئی ہے، یعنی عامر لیاقت بھرپور فائدہ اٹھانے کا ارادہ رکھتے ہوئے ٹماٹرکی قیمت ٹرپل سینچری پر ہی رکھیں گے۔

جہاں بیشتر سوشل میڈیا صارفین نے عامر لیاقت کی ٹویٹ سے لطف اندوز ہوتے ہوئے ان کی تائید کی، وہیں حکومت کے حمایتیوں کو یہ بات ناگوار بھی گزری۔