قاسم سوری کیخلاف تحریک پر شعبۂ قانون سازی کا اعتراض

  • November 13, 2019, 1:33 pm
  • Political News
  • 132 Views

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد پر اسمبلی کے شعبۂ قانون سازی نے اعتراض اٹھا دیا۔

قومی اسمبلی کے شعبۂ قانون سازی کا کہنا ہے کہ اپوزیشن نے یہ نہیں بتایا کہ ڈپٹی اسپیکر نے کس آئینی شق کی خلاف ورزی کی ہے، یہ بھی واضح نہیں کہ قاسم سوری نے قومی اسمبلی کے کون سے قاعدے کیخلاف ورزی کی ہے۔

شعبۂ قانون سازی کا مزید کہنا ہے کہ جب تک الزام میں واضح آئینی خلاف ورزی کا حوالہ نہ ہو اس تحریک پر کارروائی نہیں کر سکتے۔

قومی اسمبلی کے شعبۂ قانون سازی کے اس اعتراض کےبعد ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد پر رواں اجلاس میں ووٹنگ مشکل ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ نون نے 8 نومبر کو ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد جمع کرائی تھی، جس پر 15 نومبر کے بعد ووٹنگ لازمی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت حزبِ اختلاف سے یہ تحریکِ عدم اعتماد واپس لینے کے لیے رابطے کر رہی ہے۔